ہیلتھ سرٹیفکیٹ کی شرط: ہزاروں پاکستانی غیر ملکی ائر پورٹس پر پھنس گئے

259

کراچی(اسٹاف رپورٹر) بیرون ملک پاکستانیوں کی وطن واپسی کے لیے کورونا ٹیسٹ کی پابندی ختم کرنے کا نوٹی فکیشن جمعہ کو رات گئے تک جاری نہیں کیا جاسکا جس کی وجہ سے غیر ملکی ائرپورٹوں پر پھنسے ہزاروں پاکستانی پریشانی کا شکار ہیں ۔سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پی آئی اے سمیت تمام ملکی
اور غیر ملکی فضائی کمپنیوں کو نوٹم جاری کیا تھا کہ 21 مارچ کو رات 8 بجے کے بعد پاکستان آنے والے مسافروں کے پاس کورونا ٹیسٹ کا سرٹیفکٹ ہونا چاہیے کہ مذکورہ مسافر کو کورونا کی بیماری نہیں ہے ۔ یہ ٹیسٹ سفر کرنے سے 24 گھنٹے کے اندر اندر کروایا ہوا ہونا چاہیے اور ٹیسٹ رپورٹ پر مسافر کے نام کے ساتھ ساتھ اس کا پاسپورٹ نمبر بھی درج ہونا چاہیے ۔ حکومت پاکستان کی اس ہدایت پر عمل کرتے ہوئے تمام فضائی کمپنیوں نے ایسے تمام پاکستانیوں کو اپنی پرواز سے آف لوڈ کرنا شروع کردیا ہے جن کے پاس مذکورہ سرٹیفکٹ موجود نہیں ہے ۔ مسافروںکا کہنا ہے کہ چونکہ کورونا ٹیسٹ کٹ محدود ہیں اس لیے مقامی لیبارٹریاں ان کا ٹیسٹ اس لیے بھی نہیں کررہی ہیں کہ ان میں کوئی علامات موجود نہیں ہیں ۔ وزیر اعظم عمران خان نیازی نے جمعہ کی شب کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ کی شرط ختم کرنے کا اعلان کیا تھا مگراخبار کی کاپی جانے تک ا س بارے میں نوٹم جاری نہیں کیا جاسکا تھا ۔ فضائی کمپنیوں کا کہنا ہے کہ جب تک نوٹم جاری نہیں ہوتا ، اس وقت تک وہ مسافروں کو بورڈنگ کار ڈ جاری نہیں کرسکتے جبکہ سول ایوی ایشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ جب تک انہیں اس بارے میں نوٹیفکیشن موصول نہ ہوجائے وہ نوٹم جاری نہیں کرسکتے ۔ نوٹم کب جاری ہوگا، اس بارے میں ایوی ایشن ڈویژن اور سول ایوی ایشن اتھارٹی کے متعلقہ افسران نے پہلے اپنی معذوری ظاہر کی اور بعد میں فون ہی اٹینڈ نہیں کررہے ۔