زبان سے سلام ہوسکتا ہے ، مصافحہ لازمی نہیں، اسلامی نظریاتی کونسل

187

اسلام آباد(صباح نیوز)اسلامی نظریاتی کونسل نے وبائی امراض کی صورت میں حکومتی اقدامات کی تقلید کرنا شریعت کے مطابق قرار دیا ہے ایسے مذہبی معاملات جو فرض نہیں ہیں انہیں پورا کرنے پر اصرار موجودہ حالات میں درست نہیں ہے۔ کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر قبلہ ایاز کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی صورتِ حال برقرار رہتی ہے تو ماہ رمضان کے حوالے سے بھی تجاویز پیش کریں گے، کورونا وائرس کے پیش نظر عوام ہاتھ ملانے اور مذہبی اجتماعات میں جانے سے گریز کریں،قومی سلامتی کمیٹی کے کہنے پر کونسل نے کورونا
وائرس کے پیش نظر مذہبی معاملات پر تجاویز دی ہیں۔ جنہیں کابینہ نے منظور کیا ہے۔ کورونا جیسی وبا سے نمٹنے کے لیے احتیاطی تدابیر ضروری ہیں۔ امریکی نشریاتی ادارے سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کونسل نے تجویز کیا ہے کہ بڑے مذہبی اجتماعات سے اجتناب کیا جائے، ہاتھ ملانے ، گلے ملنے سے بھی گریز کیا جانا چاہیے، زبان سے سلام ہوسکتا ہے ، مصافحہ اور معانقہ لازمی نہیں ہے، نماز کے اوقات کو بھی محدود کردینا چاہیے جب کہ خطیب حضرات جمعہ کو صرف عربی زبان میں خطبے پر ہی اکتفا کریں۔ڈاکٹر قبلہ ایاز کے بقول کونسل کی ذمے داری معاشرے کی اصلاح اور شرعی مسائل پر عوام کی رہنمائی کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذہبی اجتماعات کو محدود رکھنے کے مشورے پر عمل درآمد ریاست کی ذمے داری ہے، وہ طبقے جو مذہبی عوامل کے حوالے سے کونسل کی کورونا وائرس کے تناظر میں تجاویز کو تسلیم نہیں کر رہے وہ لوگوں کو خطرات میں ڈال رہے ہیں، ایسے مذہبی معاملات جو فرض نہیں ہیں انہیں پورا کرنے پر اصرار موجودہ حالات میں درست نہیں ہے، پوری دنیا کورونا وائرس کے خلاف احتیاطی تدابیر اختیار کر رہی ہے لہٰذا ہمیں بھی احتیاط برتنی چاہیے۔