ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے شیڈول میں کوئی تبدیلی نہیں کررہے ،کرکٹ آسٹریلیا

299

سڈنی(جسارت نیوز)آئی سی سی اور آسٹریلین کرکٹ بورڈ ٹی ٹوئنٹی مینز ورلڈ کپ شیڈول کے مطابق منعقد کروانے کیلیے پرعزم ہیں،میگا ایونٹ کیلیے ٹکٹوں کی فروخت کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ منتظمین نے واضح کیاکہ ایونٹ بدستور18اکتوبر سے15نومبر تک آسٹریلیا میں ہی کھیلا جائے گا۔آئی سی سی مینز ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ میں پری کوالیفائنگ رائونڈ جیلونگ اور ہوبارٹ میں18سے23اکتوبر تک منعقد ہوگا، مین12ٹیموں کا ایونٹ24اکتوبر سے شیڈول ہے، ابتدائی روز سڈنی میں آسٹریلیا اور پاکستان جبکہ پرتھ میں بھارت اور جنوبی افریقا کا مقابلہ ہوگا۔اس وقت دنیا بھر کو کورونا وائرس کی وبا نے لپیٹ میں لے رکھا ہے، فوری طور پر بیشتر اسپورٹس ایونٹ ملتوی یا منسوخ کیے جا چکے،ایسے میں آئی سی سی اور مقامی آرگنائزنگ کمیٹی نے مینز ٹی20ورلڈ کپ کے شیڈول میں فوری طور پر کسی بھی قسم کی چھیڑ چھاڑ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایونٹ کیلیے ٹکٹوں کی فروخت گذشتتہ برس اکتوبر سے جاری اور وہ بدستور آفیشل ویب سائٹ پر دستیاب ہیں۔آئی سی سی نے اعلامیے میں کہاکہ آرگنائزنگ کمیٹی شائقین اور اسٹیک ہولڈرز کو تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کرتی رہے گی۔ادھر کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹیو کیون روبرٹس نے کہاکہ کورونا وائرس کی وجہ سے طویل المدتی کسی بھی قسم کا کوئی فیصلہ کرنا دشوار ہے، اس لیے ہم ٹی 20 ورلڈ کپ کے شیڈول میں فی الحال کوئی تبدیلی نہیں کررہے بلکہ شیڈول پر ہی انعقادکیلیے پراعتماد ہیں، تیاریاں جاری رہیں گی اور ہم 15 نومبر کو میلبورن کرکٹ گرائونڈ میں فائنل کے موقع پر ہاس فل کرائوڈ کیلئے بھی پرعزم ہیں۔انھوں نے کہا کہ ہم میں سے کوئی بھی اتنا ماہر نہیں جو دور تک دیکھ سکے، اس لیے ہم پرامید ہیں کہ اکتوبر،نومبر تک صورتحال معمول پر آچکی ہوگی۔