سی آر پی سی کی جانب سے عالمی یوم صارف منایا گیا

759

کراچی(اسٹاف رپورٹر)کنزیومررائٹس پروٹیکشن کونسل آف پاکستان (سی آر پی سی) کی جانب سے عالمی یوم صارف منایا گیا۔ اس سلسلے میں کراچی پریس کلب میں ایک سادہ اور مختصر تقریب میں عالمی یوم صارف کا کیک کاٹا گیا۔

کیک کاٹنے کی تقریب میں صدر کراچی پریس کلب امتیاز خان فاران، سیکرٹری ارمان صابر، جوائنٹ سیکرٹری ثاقب صغیر،پاک سرزمین پارٹی کے سینئر وائس چیئرمین اشفاق منگی، سی آر پی سی کے چیئرمین شکیل بیگ، سینئر وائس چیئرمین سلیم چانڈیو، سندھ کے چیف آرگنائزر افتخار مرزا، کراچی کے چیف آرگنائزر عمیر اور دیگر شریک تھے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے امتیاز خان فاران نے کہا کہ صارفین کو اپنے حقوق سے آگاہی حاصل کرنی چاہیے تاکہ کوئی بھی انہیں غیرمعیاری اور مہنگی اشیاء نا بیچ سکے۔ انہوں نے عالمی یوم صارف منانے پر شکیل بیگ اور ان کی ٹیم کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے ایونٹس آگاہی پیدا کرنے میں بہت مددگار ہوتے ہیں۔اشفاق منگی نے کہا کہ صارفین کے حقوق کے حوالے سے سی آرپی سی اچھا کام کررہی ہے، اسی طرح دیگر تنظیموں کو بھی عملی کام کرنا چاہیے۔ چیئرمین سی آر پی سی شکیل بیگ نے کہا کہ سندھ میں کنزیومررائٹس کے حوالے سے اچھے اقدامات کیے گئے ہیں جس پر حکومت سندھ مبارکبادکی مستحق ہے تاہم کنزیومرپروٹیکشن کونسل کو اب مکمل فعال کیا جائے اور اس سے صارفین کو ریلیف فراہم کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں صارف کو معیاری اشیا حاصل کرنے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، اس کے علاوہ انہیں قیمتوں میں بھی لوٹا جاتا ہے۔ شکیل بیگ نے کہا کہ سندھ میں صارف عدالتیں فعال ہو چکی ہیں جس سے امید کی نئی کرن ملی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ فوڈ اتھارٹی بھی اچھی کوششیں کر رہی ہے جنہیں مزید مربوط بنانے اور صارفین میں آگاہی پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ شکیل بیگ نے کہا کہ پاکستان اسٹینڈرڈز اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی (پی ایس کیو سی اے) کا بھی صارفین میں آگاہی پیدا کرنے میں انتہائی اہم کردار ہے۔