سعودی عرب، کورونا وائرس کے باعث عمرہ زائرین سمیت غیر ملکیوں کو واپسی کا حکم

623

سعودی عرب نے یورپی یونین سمیت 12 ممالک پرکورونا وائرس کے باعث سفری پابندی عائد کردی ،عمرہ زائرین اور وزٹ ویزہ رکھنے والوں کو 72 گھنٹوں کے اندر ملک چھوڑنے کی ہدایت کی ہے۔

سعودی عرب کی وزارت داخلہ نے پاکستان سمیت دیگر ممالک کے رہائشیوں ، اقامہ ہولڈراور عمرہ زائرین کو کرونا وائرس کے پیش نظر واپسی کے لیے فوری احکامات جاری کردیے ہیں، جس کے بعد پاکستانی وزارت خارجہ نے سفارت خانوں میں ہاٹ لائن قائم کردی ہے۔

پی آئی اے نےسعودی حکومت کے اعلان کے بعد 3 خصوصی پروازیں چلانے کا اعلان کردیا ہے، پی آئی اے ترجمان عبداللہ جان کہنا تھا کہ پہلی پرواز پی کے 763/764 اتوار کو اسلام آباد سے جدہ کے لیے چلائی جائے گی۔ ہفتے کو پرواز پی کے 717/718 کراچی سے مدینہ منورہ اور پی کے 767/768 کراچی سے جدہ کے لیے چلائی جائے گی۔ضرورت کے مطابق پی آئی اےکی پروازوں میں اضافہ بھی کیا جا سکتا ہے۔

جبکہ پاکستان میں موجودسعودی عرب کے سفارخانے کے ترجمان کا کہناتھا کہ سعودی حکومت نےکروناوائر س کے باعث عارضی طور پرغیرملکی مقیم افراد کے سفر پر پابندی لگادی ہے، متعدد ممالک کی پروازیں بند کردی ہیں، جن میں پاکستان بھی شامل ہے، کسی بھی ایمرجنسی سفر کی صورت میں وزارت داخلہ اور وزارت صحت سے انسانی ہمدردی کے بنیاد پر رجوع کیاجاسکتاہے۔واضح رہے کہ سعودی عرب میں کورونا کے متاثرین کی مجموعی تعداد 45 ہوچکی ہے۔