گورنرسندھ عمران اسماعیل کا کھارادر جنرل ہسپتال کا دورہ

1043

کراچی(اسٹاف رپورٹر)گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کھارادر جنرل ہسپتال کا دورہ کیا،اسپتال انتظامیہ نے گورنرسندھ کو ہسپتال کے مختلف شعبہ جات سے متعلق تفصیلی آگاہ کیا۔ گورنرسندھ نے ہسپتال میں داخل مریضوں سے ان کی خیریت اور اسپتال میں ملنے والی سہولیات کے بارے میں معلومات حاصل کیں،

بعد ازاں ہسپتال میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنرسندھ نے کہاکہ کھارادر جنرل ہسپتال 100 سال سے لوگوں کی خدمت کر رہا ہے بہت کم لوگ اللہ کی مخلوق کی خدمت فرض سمجھ کر کرتے ہیں انسان محنت اور کوشش کرتا ہے، نتیجہ اللہ دیتا ہے،

انہوں نے مزید کہا کہ میئر کراچی کو 5 ارب روپے دیے گئے ہیں، لیاری میں سڑکوں کی تعمیر کے لیے بات کریں گے وفاق کراچی کے لیے مزید ترقیاتی منصوبوں پر کام کر رہا ہے، انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس کی روک تھام کے لیے سندھ وفاق کے ساتھ رابطہ میں ہے اس ضمن میں ائیر پورٹ پر اسکریننگ اور ماسک کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے،انہوں نے مزید کہا کہ لوگوں میں پی ایس ایل کے لیے جوش و جذبہ پایا جا رہا ہے،صوبہ میں صحت کے درپیش چیلنجز سے عہدا برا ہونے کے لئے بچاؤ اور حفظان صحت کے اصولوں پر سنجیدگی سے عمل پیرا کرنا ہوگا، حکومت کے بروقت اور سنجیدہ اقداما ت کے باعث کرونا وائرس کے پھیلاؤ کی روک تھا م میں مدد مل رہی ہے،

انہوں نے کہاکہ پسماندہ علاقہ کو مسلسل اور معیاری طبی خدمات سوسال سے فراہم کر نا قابل تحسین ہے۔ گورنرسندھ نے کہاکہ کھارادر ہسپتال طبی خدمات، تعلیمی، تحقیقی اور تربیتی سرگرمیوں کی بنا پر ملک کا اہم طبی ادارہ اور ملکی اثاثہ کی حیثیت رکھتا ہے،ہسپتال کے صدر اور معروف صنعت کار محمد بشیر جان محمد نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ غیر سرکاری طبی ادارے اپنی سماجی ذمہ داری سنبھالتے ہوئے صحت مند معاشرے کی تشکیل کے لئے اہم کردار ادا کررہے ہیں،

انہوں نے کہا کہ کھارادر جنرل اسپتال کراچی کی پسماندہ آبادی کو معیاری طبی خدمات، میڈیکل ونرسنگ ایجوکیشن اور طبی تحقیق میں اپنا نمایاں کردار ادا کررہا ہے۔ ہسپتال کے چیئر مین پروفیسر عبد الغفار بلور نے کہا کہ ترقی پذیر ممالک کے لئے کھا رادر جنرل اسپتال ایک رول ماڈل ہے،

جو اپنی خدمات سے ماں اور بچے کی اموات میں نمایاں کمی کرنے او رمختلف بیماریوں پر قابو پانے کے لئے نہایت اہم کردار ادا کررہا ہے۔ میڈیا کے ایک سوال کے جواب میں گورنر سندھ نے کہاکہ کرونا وائرس سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر کے طور پر صوبائی حکومت کا تعلیمی ادارے بند کرنے کا فیصلہ مناسب ہے۔

دوسری جانب گورنرسندھ عمران اسماعیل سے ڈاؤ یونیورسٹی کے طالب علموں کے 5 رکنی وفد نے گورنرہاؤس میں ملاقات کی۔وفد کی قیادت انعمتہ شیخ کررہی تھیں جبکہ دیگر اراکین میں مہوش فاروق، ایمن منصور، عروج ضیاء اور حبا احمد شامل تھیں۔ ملاقات میں ڈاؤ اسکول آف پبلک ہیلتھ کے طالب علموں نے گورنرسندھ کو پھلوں، سبزیوں کے چھلکوں سے بائیو ڈی گریڈ ایبل پلیٹوں کی تیاری کے پروجیکٹ پر بریفنگ دی،

گورنرسندھ کو بریفنگ دیتے ہوئے طالبات نے بتایا کہ ان کی تحقیق سے تیار کردہ بائیو ڈی گریڈ ایبل پلیٹیں 60 ڈگری درجہ حرارت تک درست حالت میں کام کرسکتی ہیں اور ان کو استعمال کے بعد زمین میں دفن کرنے سے 100 دن بعد کھاد حاصل کی جا سکتی ہے،

طالب علموں کے منصوبہ کو سراہتے ہوئے گورنرسندھ نے کہاکہ ان پلیٹوں کی تیاری پر طا لبات مبارک باد کی مستحق ہیں با صلاحیت نوجوان ملک وقوم کا قیمتی اثاثہ ہیں پاکستانی طالب علموں میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں وہ بہت کچھ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اوربائیوڈی گریڈ ایبل پلیٹوں کی تیاری طلباء کی صلاحیتوں کا مظہر ہے،موجودہ حکومت تحقیق وجدت کے لئے ہر ممکن تعاون فراہم کررہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم پاکستان نے ایسے ہی باصلاحیت نوجوانوں کی صلاحیتوں سے استفادہ حاصل کرنے کے لئے کامیاب جوان پروگرام متعارف کرایا ہے جہاں سے باصلاحیت طلبا اور نوجوان 50لاکھ روپے تک کا قرض حاصل کرکے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاسکتے ہیں۔

علاوہ ازیں گورنرسندھ عمران اسماعیل سے داؤد یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے طالب علموں کے وفد نے گورنرہاؤس میں ملاقات کی۔وفد کی قیادت تنزیل عثمان کررہے تھے،

جبکہ دیگر اراکین میں ایم احمد،زبیر ہاشمی، نعمان ضیاء،زریاب خان اورعمر فاروق شامل تھے۔ ملاقات میں پلاسٹک بیگز اور دیگر پلاسٹک اشیاء سے توانائی حاصل کرنے کے منصوبہ پر طلبا نے گورنرسندھ کو تفصیلی بریفنگ دی،گورنرسندھ کو اپنے تیار کردہ پروجیکٹ سے متعلق طلباء نے بتایا کہ تیار کردہ پروجیکٹ کے تحت پلاسٹک او ربلدیاتی فضلہ سے مائع اور گیس ایندھن حاصل کیا جا سکتا ہے اس کے لئے Calaytic Cracking کا طریقہ استعمال کیاجا ئے گا اور انہیں فرنس میں 600 ڈگری سینٹی گریڈ تک جلا کر مائع، گیس اور ٹھوس ایندھن حاصل کیا جا سکے گا،

طلباء کی تحقیق اور تیار کردہ پروجیکٹ کے لئے کی جانے والی کاوشوں کو سراہتے ہوئے گورنرسندھ نے کہا کہ بلدیاتی فضلہ اور گھریلو کچرا کو ٹھکانے لگانے کے ضمن میں یہ ایک اچھامنصوبہ ہے اس منصوبہ کی کامیابی سے کراچی کے کچرے کو ٹھکانے لگانے میں مدد ملے گی طالب علم اس تحقیقی منصوبہ پر مبارک باد کے مستحق ہیں،

انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حالات میں طلبہ کی صلاحیتوں سے استفادہ حاصل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے طلباء کے تیار کردہ پروجیکٹ کے ذریعہ پلاسٹک اور بلدیاتی فضلہ سے توانائی کی ضروریات میں مدد حاصل ہوگی صاف ستھرے ماحول کے لئے یہ منصوبہ آئیڈیل ثابت ہوگا۔