وفاق کاپورا نظام تتر بتر سیاستدان باہم دست وگریبان ہیں،سراج الحق

398

اسلام آباد ( نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹرسراج الحق نے کہا ہے کہ قومی سیاست تلپٹ اور سیاستدان باہم دست و گریبان ہیں،وفاق کا پورا نظام تتر بتر ہے ۔حکومت کسی ایک شعبے میں بھی اپنی کارکردگی نہیں دکھا سکی ،مہنگائی اور بے روز گاری عوام کے ڈپریشن میں اضافہ کررہی ہے ،آج کارخانے نہ بنے تو کل پاگل خانے بنانا پڑیں گے ۔لنگر خانے چندسو لوگوں کی بھوک تو مٹاسکتے ہیں عوام کے اندر پھیلی ڈپریشن دور نہیں کرسکتے ۔ حکومت نے ملک و قوم کے 18 ماہ ضائع کردیے ہیں۔اب بھی اس کی منزل کا تعین نہیں ہوسکا۔کسی کو کچھ معلوم نہیں کہ یہ حکومت کس طرف جارہی ہے ۔حکومت کے تمام کام ایڈہاک کی بنیاد پر چل رہے ہیں،یہ ایڈہاک ازم کب تک چلے گاکچھ نہیں کہا جاسکتا۔سیاست اور جمہوریت کچھ گھروں کی لونڈی بن کررہ گئی ہے ،اسی لیے ملک میں جمہوریت کو پنپنے کا موقع نہیں مل سکا۔سیاسی پارٹیاں خاندانی پراپرٹیاں ہیں۔ سیاسی و سماجی مسائل میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے۔ حکمرانوں کو عوام کےمسائل سے کوئی سروکار نہیں غربت،مہنگائی اور بے روزگاری نے ملک کی 70فیصد آبادی کو اپنے نرغے میں لے رکھا ہے اور حکومت تماشے کررہی ہے۔کپاس ملک کی اہم ترین فصل ہے جس کے بیج کی قیمت میں عین بوائی کے وقت 128فیصد اضافہ کردیا گیا ہے ۔ملک کو خون پسینہ دینے والے کسان خون کے آنسو رورہے ہیں ۔جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی میڈیاسیل کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے سینیٹ اجلاس میں شرکت کے بعد پارلیمنٹ کے باہر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ سیاست اور جمہوریت کو چند خاندانوں نے یرغمال بنارکھا ہے ۔عوام معاشی اور سیاسی دہشت گردی کا شکار ہیں ۔غربت اور افلاس نے ملک میں مستقل ڈیرے ڈال رکھے ہیں ۔عام آدمی کو تعلیم ، صحت ،روز گار اور انصاف کے مواقع نہیں مل رہے ان تمام محرومیوں کا اصل ذمے دار وہ حکمران ٹولہ ہے جو پارٹیاں اور چہرے بدل بدل کر اقتدار کے ایوانوں پر قابض ہوجاتا ہے اور پھر ایک نئے روپ میں عوام کا استحصال شروع کردیتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ سابق اور موجودہ حکمران پارٹیاں ایک ہی قطار میں کھڑی ہیں ، سارے ایک ہی در کے فقیر ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ایک دوسرے کو چور چور کہنے اور بے لاگ احتساب کے نعرے لگانے والے عوام کو دھوکا دیتے ہیں ،یہ احتساب نہیں سیاست کرتے ہیں اور مل کر قوم کا پیسہ ہضم کرتے ہیں،جس دن حقیقی احتساب ہو گیا ان میں سے اکثریت جیلوں میں ہوگی۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ قومی سیاست تلپٹ اور سیاستدان باہم دست و گریبان ہیں۔وفاق کا پورا نظام تتر بتر ہے ۔حکومت کسی ایک شعبے میں بھی اپنی کارکردگی نہیں دکھا سکی ۔جس کی وجہ سے عوام کے اندر مایوسی اور پریشانی میں اضافہ ہورہا ہے ۔کرپشن لوٹ مار اور قرضوں کی لعنت ہماری معیشت کو دیمک کی طرح چاٹ گئی ہے ۔انہوں نے کہاکہ حکومت اور ریاست ایک پیج پر ہونے کے باوجود عوام کو کوئی ریلیف نہیں مل سکا۔ وزیر اعظم آئے روز آٹے اور چینی کے بحران پیدا کرنے والوں کو کسی قیمت پر معاف نہ کرنے کے اعلانات کرتے ہیں مگر رپورٹ آنے کے باوجود اب تک انہوں نے کسی ایک مجرم کو نہیں پکڑا،لوگ جذباتی اعلانات کے بجائے عملی اقدامات دیکھنا چاہتے ہیں۔