اٹلی میں کورونا وائرس بے قابو، آرمی چیف بھی وائرس کا شکار ہوگئے

418

اٹلی کے چیف آف آرمی اسٹاف سیلواتور فرینہ میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد انہیں قرنطینہ میں رکھ دیا گیا ہے۔

چین کے بعد یورپی ملک اٹلی میں کورونا وائرس سےخطرناک صورتحال پیداہوگئی ہے جہاں مہلک وائرس تیزی سے پھیل رہا ہےاور گزشتہ روز مہلک وائرس نے 133 افراد کی جان لے لی تھی۔

اطالوی میڈیا رپورٹس کے مطابق اٹلی کےآرمی چیف میں بھی  کورونا وائرس کی تشخیص  ہوئی ہے جس کے بعد جنرل فیڈیریکو بوناٹو نے قائم مقام آرمی چیف کا عہدہ سنبھال لیا ہے۔

آرمی چیف کو کورونا وائرس کی تشخیص ہونے کے بعد انہیں اس وقت تک قرنطینہ میں رکھاجائے گا جب تک وہ صحتیاب نہیں ہو جاتے۔

اٹلی میں کورونا وائرس سے ہلاک افراد کی تعداد 366جبکہ متاثرہ مریضوں کی تعداد 7375 ہو گئی ہے۔

خطرناک صورتحال کے بعد اٹلی کی حکومت نے کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے شمالی اٹلی اور دیگر 14 صوبوں کو لاک ڈاؤن کردیا ہے۔

حکومت کے اِس اقدام سے تقریباً ایک کروڑ 60 لاکھ کی آبادی کو قرنطینہ میں رکھا جائے گا اور یہ قرنطینہ 3 اپریل تک رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔