آج مغرب کی خاتون جتنی اکیلی ہے ،اتنی مسلمان خاتون طاقتور، سراج الحق

802

کراچی : امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے خواتین کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج مغرب کی خاتون جتنی اکیلی ہے ،اتنی مسلمان خاتون طاقتور ہے۔

تفصیلات کے مطابق امیرجماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے خواتین کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس اجتماع کے انعقاد پر انقلابی ماؤں بہنوں بیٹیوں کو مبارک باد دیتا ہوں اور ان کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں ، آپ ہماری عزت ہماری غیرت ہے ، آپ کی وجہ سے پاکستان اسلامی پاکستان بننے جا رہا ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ ہم ایسا پاکستان چاہتے ہیں جہاں عقیدے نظریے کے مطابق زندگی گزار سکیں، ہم ایسا پاکستان چاہتے ہیں جس میں غربت مہنگائی کرپشن جہالت نہ ہوں، خواتین کی عزت محفوظ ہو ان کا حال اور مستقبل بھی محفوظ ہو، ہم ایسا پاکستان بنانا چاہتے ہیں۔

سراج الحق نے کہا کہ انسان بھیڑ بکری نہیں ہے ایک مقدس چیز ہے، انسان کو بندر کہنے والوں سن لو نہ یہ بندر ہے نہ کیڑا ہے، انسان کا خالق خود اللہ ہے، انسان حیوانوں کی طرح آزاد نہیں، ہماری انسانی تاریخ میں کوئی لمحہ ایسا نہیں آیا جب خیر کا کوئی بھی کام ہو مرد عورت ساتھ نہ ہوں، عورت مرد کا لباس ہے مرد عورت کا لباس ہے، عورت کااحترام صرف دین فطرت اسلام میں ہے،دنیا کی تمام تہذیبوں نے عورتوں کو عزت نہیں دی، اسی لیے جاہلیت کے زمانہ میں زندہ درگور کرتے تھے زندہ جلاتے تھے منڈیوں میں بیچ دیتے تھے، اسلام نے زندہ درگور کی جانے والی عورتوں کو ماں بہن اور بیٹی بیوی کا مقام دیا،عورت کو وراثت کا حصہ دار بنایا، اسلام نے ہی عورت کو مہر کا حق دیا، اسلام نے عورت کو تعلیم کا حق دیا مشاورت کا حق دیا، آج مغرب اور یورپ کی عورت واقعی مظلوم ہے،اس لیے کہ وہ خونی رشتوں سے محروم ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے یورپ کی خواتین کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اسی لیے مغرب کی خاتون حقوق کی جنگ لڑرہی ہے کیونکہ وہ آج اکیلی ہے،جتنی مغربی خاتون اکیلی ہے اتنی ہی اسلامی دنیا میں مسلمان خاتون طاقتور ہے،اسلامی معاشرے میں خواتین کے ساتھ اس کا خاندان موجود ہے۔

سراج الحق نے کہا میں اپنی دنیا میں اللہ عزوجل کے بعد اپنی ماں سے ڈرتا ہوں، ان سے زیادہ پاورفل دنیا میں کوئی نہیں، ماں جب آواز دیتی ہے تو بہو اور بیٹے ایک اشارے پر خدمت کے لیے حاضر ہوتے ہیں، میں اپنی ماں کے بعد اپنی 6 سالہ بیٹی سے ڈرتا ہوں، ہر گھر میں ایک فاطمہ، مریم زینب اور کائنات موجود ہے، ہر گھر میں ایک ماں نانی اور دادی موجود ہے،یہی اسلام اور قرآن کا کلچر ہے۔