صدر و سیکرٹری کراچی پریس کلب کا سینئر صحافی حسن منصورکے انتقال پر افسوس کا اظہار

890

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سینئر صحافی،کراچی پریس کلب کے سینئر رکن اور ڈان اخبار کے سینئر رپورٹر حسن منصورگذشتہ روز قضائے الٰہی سے انتقال کر گئے تھے، انکی عمر54 برس تھی، مرحوم نے اپنے سوگواروں میں ایک بیٹا، ایک بیٹی اور بیوہ کو چھوڑا اور وہ 7 بھائیوں میں سب سے چھوٹے تھے،

54 سالہ حسن منصور تین دہائیوں سے صحافت سے وابستہ تھے اور انہوں نے متعدد نامور خبر رساں اداروں میں فرائض انجام دیے۔حسن منصور کا انتقال ان کی اپنی رہائش گاہ پر دوران نیند ہوا ہے۔خاندانی ذرائع کے مطابق حسن منصور کو دل کا دورہ پڑا تھا، سینئر صحافی حسن منصورر کی نماز جنازہ بعد نماز جمعہ مسجد خضرا نزد پاسپورٹ آفس میں ادا کی گئی۔ جبکہ تدفین میوہ شاہ قبرستان میں کی گئی،

نماز جنازہ میں اہل خانہ، عزیز و اقارب،سیاسی،سماجی و مذہبی جما عتوں کے رہنماؤں، سینئر صحافیوں،اخبارات کے مدیران، کاروباری شخصیات، اور صحافتی تنظیموں کے رہنماؤں اور عمائدین شہرسمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی،

حسن منصور ایک تجربہ کار صحافی ہونے کے علاوہ افسانہ نگار اور شاعر بھی تھے۔انتقال سے قبل وہ کراچی پر ایک ناول لکھ رہے تھے جس میں خاص طور پر لیاری پر توجہ مرکوز تھی۔ان کے دوست اور صحافی جان خاصخیلی نے کہا کہ حسن منصور نے صحافت کا آغاز 1988 میں سندھی اخبار عوامی آواز سے کیا،

علاوہ ازیں وہ اخبار کے لیے ہفتہ وار طنزیہ کالم بھی لکھتے تھے۔اپنی کچھ مختصر کہانیوں میں وہ کراچی میں ہونے والے انسانی المیے پر توجہ دیتے رہے۔وہ کہا کرتے تھے کہ اگر ان کی مختصر کہانیاں مرتب کی گئیں تو وہ تین کتابوں میں شائع ہوجائیں گی،

جامعہ کراچی سے فارغ التحصیل حسن منصور نے 2006 میں 2008 تک روزنامہ ڈان میں ملازمت اختیار کرنے سے قبل 5 سال تک ڈیلی ٹائمز کے اخبار میں اسٹاف رپورٹر کی حیثیت سے کام کیا،

انہوں نے اسٹار اخبار میں بھی کام کیا اور فرانسیسی خبر رساں ایجنسی کے نمائندے کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔ڈان اخبار میں دوبارہ ملازمت اختیار کرنے پر انہوں نے سماجی اور سیاسی امور کا احاطہ کیا،

صحافیوں اور ساتھیوں نے ان کی اچانک موت پر صدمے اور غم کا اظہار کیا ہے۔ٹوئٹر پر لوگوں نے حسن منصور کوذہین، محنتی اور زندگی سے خوشیاں سے بھرپورشخص کی حیثیت سے یاد کیا ہے،

اخبارات کے مدیران، سینئر صحافیوں، کاروباری شخصیات، سیاسی، سماجی اور صحافتی تنظیموں کے رہنماؤں نے صحافی حسن منصور کی صحافتی خدمات پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔سینئر صحافی کے انتقال پر کراچی پریس کلب کے صدر امتیازخا ن فاران، سیکرٹری ارمان صابر، اراکین گورننگ باڈی،

پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (دستور) کے جنرل سیکرٹری سہیل افضل خان،اسسٹنٹ سیکر ٹری جنر ل شعیب احمد،کراچی یونین آف جرنلسٹس دستور کے صدر طارق ابو الحسن،سیکرٹری محمد عارف خان اور اراکین مجلس عاملہ نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کر تے ہوئے

مرحوم کے اہلِ خانہ و پسماندگان سے دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے دعا کی ہے کہ اللہ تعالی مرحوم کے درجات بلند فرمائے اور جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام اور لواحقین کو صبرجمیل عطا فرمائے۔