ن لیگ کے وفد کی نعمت اللہ خان کے انتقال پر جماعت اسلامی کے رہنماؤں سے اظہار تعزیت

610

کراچی : مسلم لیگ (ن)کے سینئر نائب صدر وسابق وزیر اعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی کی قیادت میں ن لیگ کے اعلیٰ سطحی وفد نے ادارہ نورحق میں جماعت اسلامی کراچی کے سابق امیر و سابق سٹی ناظم نعمت اللہ خان کے انتقال پر حافظ نعیم الرحمن اور نعمت اللہ خان کے صاحبزادے ندیم اقبال ودیگر ذمہ داران سے ملاقات اور فاتحہ خوانی کی۔

وفد میںمسلم لیگ ن کے مرکزی جنرل سکریٹری احسن اقبال،مسلم لیگ ن کی مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب،سابق گورنر سندھ محمد زبیر،سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل ودیگر بھی موجود تھے۔ ملاقات میں رکن سندھ اسمبلی سید عبد الرشید، عبد الوہاب، مسلم پرویز، راجا عارف سلطان ودیگر بھی موجود تھے۔

مسلم لیگ (ن)اور جماعت اسلامی کے رہنماؤں کے درمیان ہونے والی ملاقات میں ملک میں معاشی بحران،بڑھتی ہوئی مہنگائی و بے روزگاری، ترقیاتی کاموں کے فقدان،کے فور منصوبہ سمیت دیگر مسائل پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے۔شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ آج ہم میاں محمد نواز شریف کی ہدایت پر ادارہ نورحق میں جماعت اسلامی کے ذمہ داران اور ان کے صاحبزادے سے تعزیت کے لیے آئے ہیں۔

نعمت اللہ خان کراچی کے محسن تھے،انہوں نے پاکستان کی تاریخ میں کراچی میں ریکارڈ ترقیاتی کام کرائے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ملک کو معاشی بحران اور مجموعی مسائل سے نکالنے کے لئے سیاسی جماعتوں کے ساتھ مل کر چلنے کا عزم رکھتے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ (ن)عورت مارچ کی حمایت کرتی ہے، تاہم مارچ کا سلوگن نامناسب ہے اس حوالے سے منتظمین سے بات کی جائے گی اورسلوگن تبدیل کروایا جائے گا۔

اس موقع پر حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ 8مارچ عالمی یوم خواتین کے سلسلے میں باغ جناح میں ”خواتین کانفرنس“ سے امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق خطاب کریں گے، جس میں وہ ”خواتین کانفرنس“ کے چارٹر کا بھی اعلان کریں گے، خواتین چارٹر پاکستان کے آئین اور اسلامی تہذیب کے کلچر کے تناظر میں پیش کیا جائے گا۔