کرونا وائرس 80 ممالک تک پھیل چکا،چین میں مزید 38 افراد ہلاک

331

بیجینگ:کرونا وائرس سے چین میں مزید 38 افراد ہلاک ہوگئے، جان لیوا وائرس دنیا کے 80 ممالک تک پھیل چکا ہے،وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 3 ہزار 200 ہوگئی ہے جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد 92 ہزار 883 ہوگئی ہے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق اٹلی میں کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 79 ،ایران میں 77،جنوبی کوریا میں 32،جاپان میں 12، امریکا میں کورونا وائرس سے مزید3 ہلاکتوں کے بعد تعداد 9 ہوگئی، اسپین میں کورونا وائرس سے ایک شخص  ہلاک ہوا جبکہ ارجنٹینا اور چلی میں کورونا وائرس کے پہلے کیس سامنے آئے ہیں۔

جنوبی کوریا میں مزید 516 نئے کیسز آنے کے بعد تعداد 5 ہزار 328 ہوگئی جبکہ مریضوں کیلئے اسپتالوں میں جگہ کم پڑ گئی۔

پر اسرار وائرس کو روکنے کے لیے برطانیہ اور امریکا کے کچھ علاقوں میں اسکول بند کر دیے گئے، متحدہ عرب امارات نے بھی 4  ہفتوں کیلئے تعلیمی ادارے بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے، وائرس کے خطرے کے پیش نظرایران نے 54  ہزار قیدیوں کو عارضی رہا کرنے کا اعلان کردیا ہے اور بھارت نے کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظربحری مشقیں ملتوی کردیں۔

دوسری جانب عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس سے ہونے والی اموات کی شرح موسمیاتی فلو سے زیادہ ہے، وائرس کے تصدیق شدہ کیسز میں سے 3.4 فیصد کی اموات ہوئیں ہیں اور کورونا وائرس پر قابو پایا جاسکتا ہے۔