آغا سراج درانی کی نعمت اللہ خان مرحوم کے صاحبزادوں سے تعزیت

257

کراچی (اسٹاف رپورٹر)اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے نعمت اللہ خان مرحوم کے صاحبزادے ندیم اقبال ایڈووکیٹ و دیگر سے ان کے گھر جا کر اظہار تعزیت ، دعائے مغفرت اوراہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی ۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن، رکن صوبائی اسمبلی سید عبد الرشید ، الخدمت کے راشد قریشی ، قیم ضلع سفیان دلاور و دیگر ذمے داران بھی موجود تھے
۔حافظ نعیم الرحمن اور نعمت اللہ خان کے صاحبزادوں نے اسپیکر سندھ اسمبلی کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ آغا سراج درانی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سابق سٹی ناظم کراچی نعمت اللہ خان عظیم آدمی تھے ، انہوں نے مختصر عرصے میں شہر کی تعمیر و ترقی کے لیے بے مثال کام کیے ، ان کی خدمات کو طویل عرصے تک یاد رکھا جائے گا،ان کی کارکردگی اب ہر منتخب ہونے والے نئے میئر کے لیے ایک معیار ہے ۔ آغا سراج درانی نے کہا کہ نعمت اللہ خان نے ضلعی نظامت کی مدت مکمل ہونے کے بعد گھر بیٹھنے کے بجائے خدمت خلق کی سرگرمیوں کو اپنااوڑھونابچھونا بنالیاتھا ، بالا کو ٹ اور آزاد کشمیر کا زلزلہ ہو یا ملک کے مختلف شہروں میں قدرتی آفات ، سابق سٹی ناظم سب سے پہلے اپنے رفقا اور امدادی سامان کے ہمراہ متاثرہ علاقے میں پہنچتے تھے۔ پیرانہ سالی کے باوجود بھر پور فعال زندگی انہی کا طرہ امتیاز تھا ، ان کی پوری زندگی ، بالخصوص شہری حکومت کی نظامت کا عرصہ امانت و دیانت کا دوسرا نام تھا ، وہ کراچی کے شہریوں کے لیے فی الواقع نعمت تھے ۔ بعدازاں انہوں نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کے دوران ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی کے سید عبد الرشید نے اسمبلی میں ہر موضوع پر بھرپور گفتگو کی ہے ، ان کا کردار بہترین ذمے دار رکن کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات اپنے رولز کے مطابق کرادینے چاہئیں ، یہ عوامی خدمت کا کام جلد از جلد ہونا چاہیے۔ آغا سراج درانی نے کہا کہ کورونا وائرس کی صورتحال اور مسئلے کی سنگینی کے پیش نظر صوبائی حکومت بہت جلد کورونا وائرس کے حوالے سے سندھ اسمبلی کا اجلاس بلائے گی اور مسئلے کے حل کے لیے اہم فیصلہ کرے گی ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ صوبے کی بہتری کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے ۔