ترقیاتی کاموں کیلیے تمام اراکین اسمبلی سے مشاورت مکمل کرلی، عثمان بزدار

110

لاہور (اے پی پی) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ صوبے کے 8 ڈویژن کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی سے مشاورت کا سلسلہ مکمل ہوگیا ہے، اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کے حلقوں میں ترقیاتی کام ان کی مشاورت سے ہوں گے، آئندہ مالی سال کی بجٹ کی تیاری کے حوالے سے مشاورت کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے، بجٹ میں ہر ڈویژن کی ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں ترجیحات کا تعین کرنے میں آسانی ہوگی، آئندہ مالی سال کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے حوالے سے ترقیاتی
اسکیموں پر بھی سیر حاصل بحث ہوئی، منتخب نمائندوں نے اپنے حلقوں کے مسائل کے حل کیلیے تجاویز دی ہیں، عوام کی خدمت کے سفر میں پوری ٹیم ایک ہوکر آگے بڑھتی جائے گی۔ منتخب نمائندوں کے جائز کاموں میں کسی کو رکاوٹ نہیں ڈالنے دی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ شوبازی کرنے کی منفی سیاست دفن ہوچکی ہے، اب صرف کام ہوتا ہے اور ہم عمل کرکے دکھاتے ہیں۔ شہروں کے ساتھ دوردراز علاقوں میں بھی ایجوکیشن اور ہیلتھ فسلیٹز کو خوب سے خوب تر بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ آب پاک اتھارٹی کے تحت واٹر فلٹریشن پلانٹس لگائے جائیں گے۔آب پاک اتھارٹی کیلئے 8ارب روپے مختص کیے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نیا پاکستان۔ منزلیں آسان پروگرام کے دوسرے مرحلے کے تحت دیہی سڑکوں کی تعمیر و مرمت کام جاری رہے گا۔ ہر علاقے کو سڑکوں کی تعمیر و مرمت کیلئے خصوصی فنڈز دیئے جائیں گے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے میں نئے اضلاع اور تحصیلیں بنانے کیلئے کمیٹی قائم کر دی ہے۔