کشمیر پر پاک بھارت جنگ کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا‘ فخر امام

208

اسلام آباد ( نمائندہ جسارت) کشمیر پارلیمانیکمیٹی کے چیئرمین سید فخر امام نے کہا ہے کہ کشمیر پر پاک بھارت جنگ کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا‘ اقوام متحدہ متحرک کردار ادا کرے‘موجودہ حالات میں وزیراعظم کو روس کا دورہ کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ جمعے کو انہوں نے ان خیالات کا اظہار اپنے چیمبر میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ چیئرمین کشمیر کمیٹی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے معاملے پر سلامتی کونسل کے اجلاس کے لیے ہمارے دوست ملک چین نے پاکستان کی سفارتی مدد کی تھی‘ ترکی اور ملائیشیا سے بہترین مدد ملی لیکن او آئی سی کے رکن ممالک نے اس طرح ہمیں سپورٹ نہیں کیا لیکن او آئی سی کے پلیٹ فارم سے ہمیں حوصلہ افزا پیغام ملا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزی کر رہی ہے‘ وہاں210 روز سے مسلسل کرفیو نافذ ہے‘ نوجوانوں کی بہت بڑی تعداد کو گرفتار کرلیا گیا ہے اور خواتین کی بھی گرفتاریاں ہوئی ہیں‘ کشمیری عوام بھارت کے ظالمانہ اقدامات کے باوجود اپنے حق خودارادیت کے مطالبے کیلیے کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے بعد چین نے ہم سے بہت تعاون کیا۔ انہوں نے کہا کہ حالات مخالف ہوں یا موافق کشمیریوں کے لیے جدوجہد آزادی کو مطلوبہ نتائج کے حصول تک جاری رکھنے کے سوا کوئی چارہ نہیں۔