کرکٹ کو سعودی قومی میلے مھرجان میں شامل کیا جائے گا،العروی

401

مدینہ المنورہ (سید مسرت خلیل۔ نمائندہ جسارت) سعودی عرب میں تارکین وطن کے سب سے مقبول کھیل کرکٹ کو سعودی قومی میلے مھر جان میں شامل کیا جائے گا، یہ بات ارضِ مقدس میں چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے شعبہ اسپورٹس کے سربراہ ڈاکٹر عبدالعزیز العروی نے کہی۔ وہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اورمدینہ االمنورہ کرکٹ ایسوسی ایشن (ایم ایم سی اے) کے تعاون سے مدینہ المنورہ میں ہونے والے کرکٹ میلے کی اختتامی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے مزید کہا کہ اس میلے کا مقصد کرکٹ کے کھیل کو سعودی باشندوں میں متعارف کرانا اوراس کو زیادہ سے زیادہ مقبول بنانا تھا۔ اس موقع پر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب مدیر اسپورٹس کمیٹی فہد محمد الجھنی۔ بلدیہ مدینہ منورہ کے منیجر محمد بن ناصر آل مردف، پریس ڈائریکٹر انٹرنیشنل اربیٹریشن محمد بن علی عبداللہ ، پاکستانی کمیونٹی کے معروف ماہر امراض چشم سرجن ڈاکٹر جمیل اور جنرل فزیش ڈاکٹر خالد عباس اور پاکستان کے ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی کے مایہ ناز بلے باز آصف علی نے بطور خاص شرکت کی۔ یہ کرکٹ میلہ چیمبر کے شعبہ اسپورٹس کے سربراہ ڈاکٹر عبدالعزیز العروی کی دعوت پر مدینہ کرکٹ ایسوسی ایشن نے آٹھ ٹیموں کے درمیان آرگنائز کیا تھا۔ جسے بعد میں میلے کی شکل دے دی گئی۔ میلے کے تمام تر انتظا مات کی دیکھ بھال مدینہ منورہ کرکٹ ایسوسی ایشن کے سینئر نائب صدر امانت علی نے کی ۔آخر میں تقریب تقسیم انعامات ہوئی جس میں چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری مدینہ منورہ کی جانب سے مدینہ منورہ کرکٹ ایسوسی ایشن کے چیئرمین سید زاہد علی ، صدر حماد سعید اور پاکستان کے بہترین بلے باز آصف علی کو شیلڈز پیش کی گئیں۔ ٹورنامنٹ کا فائنل مدینہ گرین نے مدینہ براؤن کو شکست دیکرٹرافی اپنے نام کی۔ نعیم گواری مین آف دی میچ رہے۔ خاص بات پہلے اوور میں 6 چوکے اس کے علاوہ وقاص اود وجکی کی نمایاں کارکردگی رہی۔ کپتانوں اور کھلاڑیوں کے علاوہ امپائرز کو بھی میڈلز دیے گئے۔