جیکب آباد، محنت کشوں کا مہنگائی کے باوجود اجرت نہ بڑھانے کیخلاف احتجاج

92

جیکب آباد (نمائندہ جسارت) محنت کشوں کا مہنگائی کے باوجود اجرت نہ بڑھانے کیخلاف احتجاجی مظاہرہ مطالبات کے حق میں نعرے ۔ رائس مل مزدور یونین کی جانب سے مطالبات کے حق میں اناج منڈی سے حاجی معشوق خارانی کی قیادت میں سیکڑوں محنت کشوں نے احتجاجی جلوس نکال کے شہر کے راستوں پر مارچ کیا اور مطالبات کے حق میں نعرے لگاتے ہوئے ڈی سی چوک پر دھرنا دے کر بیٹھ گئے، جس کے باعث روڈ بلاک اور ٹریفک معطل ہوگئی۔ اس موقع پر رہنمائوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بدترین مہنگائی کے باوجود محنت کشوں کی اجرت مل مالکان بڑھانے کو تیار نہیں، گزارا مشکل ہوگیا ہے، حق مانگنے پر انتقامی کاروائیاں کی جارہی ہیں، محنت کشوں پر جھوٹے مقدمات درج کیے گئے ہیں، مل مالکان نے محنت کشوں کو کوئی سہولت نہیں دی، مزدور سوشل سیکورٹی کارڈ سے بھی محروم ہیں، محنت کشوں کے حقوق پر ڈاکا ڈالا جارہا ہے، جو کسی صورت قابل برداشت نہیں۔ انہوں نے محنت کشوں پر داخل مقدمات ختم کرنے اور اجرت بڑھانے کا مطالبہ کیا۔