پی ایس ایل ملک میں کھیل کے فروغ کا سبب بنے گا،وسیم خان

249

کراچی (سید وزیر علی قادری )وسیم خان نے پی سی بی کرکٹ کمیٹی کے پہلے اجلاس کی تاریخ اور ایجنڈا بھی واضح کردیا۔ پاکستان سپر لیگ کے 5ویں ایڈیشن کے آغاز میں چند روز باقی رہ گئے ہیں۔ ملک میں موجود ا یونٹ کے آغاز کے منتظر شائقین کرکٹ کا جوش اور جذبہ دیدنی ہے۔32 روزہ ایونٹ کے دوران ملک کے 4 مختلف شہروں کراچی، لاہور، ملتان اور راولپنڈی میں 34 میچز کھیلے جائیں گے۔چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان کے مطابق پی ایس ایل5 کا انعقاد ملک میں موجود مداحوں کوکھیل سے جوڑنے کے ساتھ ساتھ ملک میں انٹرنیشنل میچز کو مستقل بنیادوں پر انعقاد کو بھی یقینی بنائے گا۔چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہناہے کہ ہمارے لیے لیگ کے تمام میچز لاہور اور کراچی میں منعقد کروانا زیادہ آسان تھا مگر ہم اس کھیل کو ان 2 شہروں تک محدود نہیں رکھناچاہتے۔ چیف ایگزیکٹو پی سی بی نے کہا کہ ملک میں کرکٹ کے لیے زیادہ سے زیادہ وینیوز تیار کرنا چاہتے ہیں جس کے لیے ہمیں کھیل کو ملک کے کونے کونے تک پہنچانا ہے۔وسیم خان نے کہاکہ ہم ملک میں موجود شائقینِ کھیل تک کرکٹ کی رسائی ممکن بنانے کے لئے کوشاں ہیں۔ہم چاہتے ہیں کہ وہ اپنے ہیروز کو سامنے کھیلتا ہوا دیکھ سکیں۔انہوں نے کہا کہ پی سی بی پشاور، ملتان ، فیصل آباداور حیدرآباد کرکٹ اسٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن کے سلسلے میں صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کرکام کررہا ہے، مگر یہاں بین الاقوامی کرکٹ میچوں کے لیے لاجسٹک اور ہوٹل سمیت دیگر بہترین سہولیات درکار ہیں۔ پاکستان سپر لیگ نے ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی سرگرمیاں ممکن بنانے میں اہم کردار اد ا کیا ہے۔گذشتہ ایڈیشن کے دوران پی ایس ایل کے 8 میچوں کے کراچی میں انعقاد کے بعد سری لنکا کرکٹ ٹیم نے محدوداور طویل طرز کی کرکٹ کے لیے پاکستان کا دورہ کیا تھا۔حال ہی میں سری لنکا اور بنگلا دیش کی ٹیسٹ ٹیموں کی میزبانی کرنے والا پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی اس مرتبہ 8 پی ایس ایل میچوں کی میزبانی کررہا ہے۔ راولپنڈی میں ان 8 میچوں کا انعقاد اس لیے بھی اہم ہے کہ لیگ کے بعد اس وینیو کو جنوبی افریقا کرکٹ ٹیم کی میزبانی کرنی ہے۔وسیم خان نے کہاکہ اس سیریز کے حوالے سے ابھی مشاورت جاری ہے تاہم امید ہے کہ ہم کسی مؤثر نتیجہ پر پہنچ جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ جنوبی افریقا سیریز کے حوالے سے ہمیں کرکٹ ساؤتھ افریقا کے شعبہ سیکورٹی کے سربراہ کی آمد کا انتظار ہے، پاکستان سپر لیگ 2020 کے ابتدائی دنوں میں ان کی پاکستان آمد متوقع ہے، ان کے پاس مختلف مقامات کے لیے سیکورٹی پلان تیار ہیں۔چیف ایگزیکٹو پی سی بی نے کہاکہ وہ اور جنوبی افریقی بورڈ دورہ کے حوالے سے مطمئن ہیں تاہم لاجسٹک اعتبار سے ہمیں اسے آسان اور مؤثر بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ جنوبی افریقا کا دورہ بھارت 18 مارچ کو ختم ہوگا جبکہ پی ایس ایل 5کا فائنل 22 مارچ کو شیڈول ہے۔