بگڑتی معیشت بھوک افلاس بے چینی کو جنم دے رہی ہے،نعیم لودھی

296

اسلام آباد(کامرس ڈیسک)معیشت کی حالت دن بہ دن بگڑ رہی ہے جس سے لاکھوں افراد کا روزگار چھن رہا ہے جبکہ بے لگام مہنگائی نے اسی لاکھ افراد کو خط غربت سے نیچے دھکیل دیا ہے۔موجودہ پالیسیوں کا تسلسل غربت میں مزید اضافہ کرے گا۔ شہری علاقوں کے مقابلہ میں دیہی علاقوں میں مہنگائی میںزیادہ تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے جوزراعت و صنعت کے علاوہ برآمدات کے لیے بڑا چیلنج بن چکا ہے ۔ ساٹھ فیصد سے زیادہ پاکستان اپنی آمدنی کا بڑا حصہ خوراک پر خرچ کرنے پر مجبور ہو چکے ہیں جس سے تعلیم صحت اور دیگر تقاضے نظر انداز ہو رہے ہیں جبکہ غذائی قلت کے خدشات بڑھ رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار یونائیٹڈ انٹرنیشنل گروپ کی جانب سے کارپوریٹ سماجی ذمہ داری اور پائیدار ترقی کے اہداف کے عنوان سے منعقدہ سیمینار میں کیا گیا۔ مقررین نے کہا کہ حکومت کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق شہری علاقوں اشیائے خور ونوش کی قیمتوں میں 78 فیصد اضافہ ہوا ہے جبکہ دیہی علاقوں میں نوے فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے برسر اقتدار آنے سے قبل قرضوں اور واجبات کا حجم 29,879 ارب روپے تھا جس میں پندرہ ماہ میں 11610 ارب روپے سے زیادہ کا اضافہ ہوا ہے۔پاکستان پیپلز پارٹی کے دور میں روزانہ پانچ ارب روپے کے قرضے لیے جا رہے تھے م ن لیگ نے روزانہ اوسطاً 7.7 ارب روپے کے قرضے لیے جبکہ موجودہ حکومت نے پچیس ارب روپے روزانہ کا ریکارڈ قائم کیا ہے ۔انھوں نے کہا کہ ایف بی آر کو سات سو ارب روپے کے ریونیو شارٹ فال کا سامنا ہے جو ملکی تاریخ میں ایک ریکارڈ ہے جس کے نتیجہ میں عوام پر مزید ٹیکس یا منی بجٹ پیش کیا جا سکتا ہے جس سے بے چینی، عدم استحکام، بے روزگاری اور غربت میں مزید اضافہ ہو گا۔ اگر حکومت نے سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی پالیسیوں اور طریقہ کار میں بنیادی تبدیلیاں نہ کیں تو معیشت کو پہنچنے والے نقصان ناقابل تلافی ہو جائیں گے۔سیمینار کی صدارت سابق وفاقی وزیر اور ایف ایف سی کے سابق ایم ڈی جنرل (ر)نعیم خالد لودھی نے کی۔مہمان خصوصی پنجاب بورڈ آف انوسٹمنٹ کے چیئر مین سردار تنویر الیاس ، جنرل (ر) آصف دریز اختر، جنرل(ر) جاوید اسلم طاہر،خاص مہمان یو ئی جی کے سی ای او طالب رضوی، بریگیڈئیر (ر) آصف ہارون راجہ، اکانومی واچ کے چیئر مین بریگیڈئیر (ر) محمد اسلم خان، ہیتم ناصر سابق آئی جی اسلام آباد سلیم طارق لون، ڈی جی این سی آر ڈی اسرارخواجکزئی اور عمار جعفری شامل تھے۔اپنے خطاب میں سردار تنویر الیاس نے کہا کہ وفاقی حکومت اور پنجاب میں صوبائی حکومت انسانیت کی فلاح کے لیے متعدد اقدامات کر رہی ہے جس کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ ان اقدامات سے عوام کو ریلیف ملے گا۔