فرانزک لیبارٹری کے قیام سے تفتیش میں بہتری آئی ہے،چیئر مین نیب

275

اسلام آباد (اے پی پی) قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا ہے کہ نیب افسران بدعنوانی کی روک تھام کے لیے کرپشن فری پاکستان پر ایمان کی پالیسی پر قومی فرض سمجھ کر عمل کر رہے ہیں، اسلام آباد میں نیب کی پہلی فرانزک سائنس لیبارٹری قائم ہونے سے نیب کی انکوائری اور انویسٹی گیشن کے معیار میں بہتری آئی ہے جس میں ڈیجیٹل فرانزک، سوالیہ دستاویزات اور فنگر پرنٹ کے تجزیہ کی سہولت موجود ہے جس سے انکوائریوں اور انویسٹی گیشنز سے متعلق معیاری اور ٹھوس شواہد حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیب ہیڈ کوارٹرز میں نیب افسران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ نیب نے مقداری اور معیاری بنیادوں پر تمام علاقائی بیوروز کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن کا نظام وضع کیا ہے۔ چیئر مین نیب نے کہا کہ احتساب عدالتوں میں نیب مقدمات میں سزا کی شرح 70 فیصد ہے۔ نیب افسران کی محنت، حوصلے، شفافیت اور میرٹ کو قومی اور بین الاقوامی ادارے سراہ رہے ہیں، نیب افسران بدعنوان عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے لیے اپنی کوششوں کو دگنا کریں۔