چاقو حملے کی کوشش میں فلسطینی لڑکا اور خاتون گرفتار

115

مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) فلسطین میں 2 مختلف واقعات میں اسرائیلی فوج نے ایک فلسطینی لڑکے اور بزرگ خاتون کو گرفتار کرلیا۔ فلسطینی ذرائع ابلاغ کے مطابق قابض صہیونی فوج نے ہفتے کے روز مقبوضہ بیت المقدس کے باب العامود پر ایک بزرگ خاتون کو چاقو حملے کی کوشش کا الزام لگا کر حراست میں لے لیا۔ گرفتار کی گئی خاتون کی شناخت 50 سالہ سوزان مبیض کے نام سے کی گئی ہے، جو بیت المقدس کے مشرقی قصبے ابودیس سے ہے۔ خاتون اسرائیلی چیک پوسٹ کے قریب ہوئی، تو صہیونی فوج نے اسے زمین پر گرا کر حراست میں لے لیا۔ دوسری جانب جنوبی شہر الخلیل میں ہفتے ہی کے روز ایک فلسطینی لڑکے نے یہودی آبادکار کو چاقو کے وار کرکے زخمی کردیا۔ یہ واقعہ یہودی کالونی کریات اربع کے قریب حارۂ جابر نامی علاقے میں پیش آیا۔ فلسطینی لڑکے کی شناخت 18 سالہ قصی اسحاق ابوحتہ کے نام سے کی گئی ہے۔ چاقو حملے کے بعد اسرائیلی فوج نے پہلے لڑکے کو گولی مار کر زخمی کیا اور پھر گرفتار کرلیا۔ ادھر ایک فلسطینی کا مکان دوبارہ مسمار کردیا گیا۔ فلسطینی ذرائع ابلاغ کے مطابق الخلیل کے مشرقی علاقے یطا میں ایک مقامی فلسطینی شہری حسین محمد سلامہ کا مکان گزشتہ برس غیرقانونی قراردے کر مسمار کردیا گیا تھا۔ حسین سلامہ نے مکان دوبارہ تعمیر کیا، مگر قابض فوج نے اسے ایک بارپھرمسمار کردیا۔ فلسطین میں یہودی آباد کاری اور توسیع پسندی کی سرگرمیوں پر نظر رکھنے والے راتب الجبور نے بتایاکہ صہیونی فوج نے مشرقی یطا میں الدیرات کے مقام پر حسین سلامہ کا مکان مسمار کیا۔ خیال رہے کہ حسین سلامہ کا مکان 150 مربع میٹر پر مشتمل ہے۔ مکان کی مسماری کے باعث اس میں بسنے والے حسین سلامہ کے خاندان کے 10 فراد بے گھر ہوگئے ہیں۔