من مانی کرنے والی فلور ملوں کیخلاف کارروائی کی گئی ، فردوس عاشق

181

لاہور،اسلام آباد (نمائندہ جسارت+آن لائن) وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشر یات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ آٹے کی قیمت میں استحکام کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں، من مانی کرنے والی فلور ملوں کے خلاف کارروائی کی گئی ہے، ہماری پالیسی کے راستے میں آنے والے کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا، معیشت کی گاڑی استحکام کی جانب رواں دواں ہے، معاشی بحالی کے لیے وزیر اعظم نے مشکل فیصلے کیے ،اب پیسہ عوام کی بہتری کے منصوبوں پر خرچ ہوگا ،عوام کو سستی اشیاء ضروریہ کی فراہمی کے لیے 6 ارب روپے کی سبسڈی دی گئی ، ان نشا اﷲ عوام کی طاقت سے وزیراعظم عمران خان اپنی حکومت کی مدت پوری کریں گے، عوام کے ساتھ کیے گئے تمام وعدے پورے کریں گے، اتحادیوں کو اعتماد میں لے کر ان کے جائزہ تحفظات دور کیے جائیں گے، وزیر اعظم کی خصوصی ہدایت پر پریس کلبوں اور نیوز ایجنسیوں کی گرانٹ کی بحالی کی سمری بھیج دی گئی ہے ۔ وہ ہفتے کو لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس کر ر ہی تھیں۔علاوہ ازیںوزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے ہفتے کووزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے ملاقات کی۔ 90 شاہراہ قائد اعظم پر ہونے والی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور ، سیاسی صورتحال اور ملکی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ تنقید برائے تنقید کرنے والے ملک و قوم کے خیر خواہ نہیں اورایسے عناصر محض ذاتی مفادات کے ایجنڈے کو لیکر چل رہے ہیں لیکن ہمارا مقصد عوام کو ریلیف دینا اور ان کے لیے آسانیاں پیدا کرنا ہے ۔انہوںنے کہاکہ پنجاب میں آٹے کی قیمتوں میں استحکام کے لیے ہرضروری قدم اٹھایا ہے، گندم کا سرکاری کوٹا اوپن مارکیٹ میں فروخت کرنے والی فلور ملوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری ہے۔دوسری جانب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے سما جی رابطے کی ویب سائٹ ٹو ئٹر پر ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ رانا ثنا اللہ قیا دت کے باہر بھا گنے کی وجہ سے ذہنی توازن کھو بیٹھے ہیں۔انہو ںنے کہا کہ رانا صاحب پہلے اندرونی لڑائی میں مبتلا اپنی قیادت کے مابین پارٹی میں مڈ ٹرم انتخابات کرائیں، آپ کی سیاسی ساکھ ختم اور قیادت سر پر پاؤں رکھ کر باہر بھاگ چکی ہے، جس مقدمے میں آپ کو ضمانت ملی ہے اس کا ٹرائل ابھی باقی ہے، اس پر توجہ دیں ،رانا صاحب حکومت کے بجائے اپنی قیادت پر برسیں جس نے اپنے کارکنوں کو پھر دھوکا دیا اور ان کے اعتماد کا خون کیا۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی قیادت میں پنجاب حکومت نے آٹے کی مقرر قیمت پر دستیابی یقینی بنانے کے لیے بروقت اقدامات کیے ہیں۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے موثر اقدامات پر پنجاب حکومت کو خراج تحسین پیش کیا۔انہوںنے کہاکہ وزیراعلیٰ پنجاب صوبے کو بہترین انداز سے چلا رہے ہیں ۔پاکستان تحریک انصاف کی ٹیم وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں متحد ہے۔