رانا ثناءاللہ عدالت میں ثبوت دیں، ڈی جی اے این ایف

722

ڈائریکٹر جنرل اینٹی نارکاٹیکس میجر جنرل عارف ملک نے کہا ہے کہ رانا ثناءاللہ کا معاملہ عدالت میں ہے وہ عدالت میں ثبوت دیں۔

نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے ڈی جی اے این ایف نے کہا کہ کیا کوئی گرفتار ہونے والا شخص کہتا ہے کہ میں گناہ گار ہوں؟سرعام قتل کرنے والا بھی خود کو بے گناہ کہتا ہے، رانا ثناءاللہ کا معاملہ عدالت میں ہے وہ عدالت میں ثبوت دیں اگر معاملات حلف سے چلنے ہیں تو عدالتوں کو تالا لگا دیں۔

میجر جنرل عارف ملک کا کہنا تھا کہ ایک نے حلف اٹھایا لیا اور دوسرے نے بھی، اب معاملے کی لاٹری ڈال دیں، لاٹری میں سے نکل آئے گا کون ذمے دار ہے کون گناہ گار ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز قومی اسمبلی کے اجلاس میں راناثناء اللہ نے کہا تھا کہ اللہ کو حاضر ناظر جان کر اقرار کرتا ہوں کہ اپنے 25 سالہ سیاسی کیریئر میں کسی منشیات فروش گروہ سے تعلق رکھا نہ ہی کسی کی سفارش کی، شہریار آفریدی کو چیلنج کرتا ہوں کہ قرآن اٹھا کر مجھ پرلگائے گئے الزامات دہرائیں۔

رانا ثناء اللہ کے چیلنج پر شہریارآفریدی نے ایوان میں قرآن اٹھا کر رانا ثناء اللہ پر لگائے گئے الزامات کو دہرایا تھا۔