وزیراعظم کی زیر صدارت کابینہ کا اجلاس آج ہو گا

149

اسلام آباد ( آن لائن ) وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ہو گا، اس سلسلے میں 16 نکاتی ایجنڈا جاری کر دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق اجلاس میں امریکا، ایران کشیدگی اور عالمی حالات اور ملک کی سیاسی ومعاشی صورتحال کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ 16 نکاتی ایجنڈے پر بھی غور اور وفاقی کابینہ کے فیصلوں پر عملدرآمد کا
جائزہ بھی لیاجائے گا۔ وفاقی کابینہ کو وزارتوں اور متعلقہ محکموں کی کارکردگی پر بریفنگ دی جائیگی۔ کابینہ اقتصادی رابطہ کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق اور قانون سازی سے متعلق کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق کرے گی، پاک سعودیہ ائر سروسز کے معاہدے کی منظوری بھی ایجنڈے کا حصہ ہے۔ فلیگ افسر کی ڈیپوٹیشن پر پاکستان میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی کے ڈی جی کے طور پر تقرری کی منظوری کے علاوہ ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا بورڈ میں پروڈکشن کنٹرول کے ممبر کی تقرری اور پاکستان محتسب کراچی سیکرٹریٹ میں انچارج ممبر کی تقرری بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔ فاٹا اور گلگت بلتستان کے 4 فیصد کوٹے کی تقسیم پر رپورٹ کابینہ کو پیش کی جائے گی، پی ایس او کے ایم ڈی، سی ای او کی تقرری کی منظوری بھی دی جائے گی۔
کابینہ اجلاس