وزیرخارجہ کی سعودی ہم منصب سے ملاقات،موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال

574

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی سعودی ہم منصب شہزادہ فیصل بن فرحان السعود سے ملاقات کی  اورمشرق وسطی میں پائی جانے والی  کشیدگی اور خطے میں امن و امان کی  صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے اہم علاقائی و عالمی امور پر تفصیلی تبادلہ  خیال کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق  وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی تہران کے دورے کے بعد سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض پہنچے تو سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود نے خیر مقدم کیا، دونوں رہنماؤں کی ملاقات کے دوران مشرق وسطی میں پائی جانے والی  کشیدگی اور خطے میں امن و امان کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے اہم علاقائی و عالمی امور پر تفصیلی تبادلہ  خیال کیا گیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ خطے میں پائی جانے والی کشیدگی باعث تشویش ہے،اس کشیدہ صورتحال کو اعتدال پر لانے اور خطے کے امن و استحکام کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے ضروری ہے کہ معاملات کو سفارتی ذرائع بروئے کار لا کر، پر امن طریقے سے حل کرنے پر زور دیا جائے۔

سعودی ہم منصب سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان کی کوشش یہی ہے کہ تمام فریقین کو ،صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنے اور تنازعات کے حل کیلئے مذاکرات اور گفت و شنید  کا راستہ اپنانے پر آمادہ کیا جائے ہمیں تشویش ہے کہ اگر اس آگ کو ٹھنڈا کرنے کیلئے، بروقت اقدام نہ اٹھائے گئے تو یہ صورتحال  پورے خطے کو اپنی لپیٹ میں لے سکتی ہے۔

شاہ محمود قریشی نے ایران اور امریکہ کی جانب سے کشیدگی میں کمی کے بیانات کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان حالات میں ضروری ہے کہ فریقین کو مذاکرات پر آمادہ کیا جائے۔

شاہ محمود قریشی نے کشیدہ صورتحال پر قابو پانے کیلئے خطے کے دیگر وزرائے خارجہ سے ہونیوالے روابط سے بھی اپنے سعودی ہم منصب کو آگاہ کیا، اپنے سعودی ہم منصب کو پاکستان کی تشویش سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ کشیدگی میں اضافے سے افغان امن عمل جو اہم مرحلے میں داخل ہو چکا ہے اس کے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

سعودی وزیر خارجہ نے مشرق وسطی میں پائی جانے والی بحرانی کیفیت پر قابو پانے اور خطے کو مزید کشیدگی سے بچانے ،کیلئے وزیر اعظم عمران خان کی امن کاوشوں کو سراہتے ہوئے پاکستان کی کوششوں کی تعریف کی۔