کارڈک ایمرجنسی سینٹر شاہ فیصل کو 24 گھنٹے کیلیے کھول دیا گیا

131

کراچی(رپورٹ:قاضی عمران احمد)شاہ فیصل کالونی اور ملیر کے رہائشیوں کے لیے کارڈک ایمرجنسی سینٹر شاہ فیصل (کے ایچ آئی ڈیIII) کو کم وسائل اور عملے کی کمی کے باوجود دل کے مریضوں کے لیے24 گھنٹے کھول دیا گیا ہے، بہت جلد انجیو گرافی اور انجیو پلاسٹی کی سہولت بھی دستیاب ہوگی،2 کروڑ روپے سالانہ کا بجٹ منظور شدہ ہے لیکن کبھی یہ بجٹ جاری نہیں کیا گیا ہے،تمام اخراجات یوزراکاؤنٹ سے کرنے پڑتے ہیں ۔ذرائع کے مطابق جب یہ سینٹر قائم ہوا تھا تو علاج کی سہولت صبح 8بجے سےرات8بجے تک فراہم کی جاتی تھی لیکن موجود ہ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نے سینٹر کو کم وسائل کے باوجود پہلے رات 12 بجے تک کرایا اور اب اسے دل کے مریضوں کے لیے 24 گھنٹے کھول دیا گیا ہے اور ہنگامی طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ سینٹر میں بجٹ میں منظور شدہ 137 اسامیوں میں سے صرف68 افراد پر مشتمل ڈاکٹرز اور عملہ کام کر رہے ہیں جب کہ تا حال 69 افراد کی کمی ہے، بجٹ کے مطابق ایڈیشنل میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (بی پی ایس 19) کی 2 اسامیاں منظور ہیں اور دونوں خالی ہیں،سینئر کارڈیولوجسٹ(بی پی ایس 19) کی2 اسامیاں ہیں دونوں خالی ہیں، کارڈیولوجسٹ (بی پی ایس 18) کی 4 اسامیاں ہیں،چاروں خالی ہیں، پیتھالوجسٹ (بی پی ایس 18) ایک، ریڈیالوجسٹ (بی پی ایس 18) ایک، آر ایم او (بی پی ایس 17) کی 8 میں سے 4، میڈیکل آفیسر (بی پی ایس 17) 6 میں سے 5، ویمن میڈیکل آفیسر (بی پی ایس 17) کی 6 میں سے 6، نرسنگ سپرنٹنڈنٹ (بی پی ایس 17) کی 6 میں سے 6، نرسنگ سسٹرز (بی پی ایس 16) کی 2 میں سے 2، اسٹاف نرس (بی پی ایس 16) کی 8 میں سے 7، ای سی جی ٹیکنیشن (بی پی ایس 9) کی 4 میں سے 4، ای ٹی ٹی 2 میں سے 2، لیب ٹیکنیشن (بی پی ایس 9) کی 2 میں سے ایک، سی سی یو ٹیکنیشن (بی پی ایس 9) کی 4 میں سے 4، ڈسپنسر (بی پی ایس 9) کی 6 میں سے 4، ڈرائیور (بی پی ایس 5) کی 4 میں سے ایک، نرس اٹینڈنٹ (بی پی ایس 2) کی 10 میں سے 2، نائب قاصد (بی پی ایس 1) کی 3 میں سے ایک اور سنیٹری ورکر (بی پی ایس 1) کی 12 میں سے 10 اسامیاں خالی ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ ادویات وغیرہ کے لیے سینٹر کے یوزر اکاؤنٹ کو استعمال کرنا پڑتا ہے اس میں سے بھی 50 فی صد بلدیہ عظمیٰ کراچی کے اکاؤنٹ میں جاتا ہے۔ اس ضمن میں جب ’’جسارت‘‘نے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر نادر سے بات چیت کی تو ان کا کہنا تھا کہ 50 بستروں کے اس سینٹر میں ڈاکٹرز، عملے اور دیگر وسائل کی کمی کے باوجود ممکنہ طور پر مریضوں کو معیاری سہولتیں فراہم کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں جب کہ سینٹر کی فارمیسی سے بھی ادویات مفت فراہم کی جا رہی ہیں۔ ڈاکٹر نادر نے بتایا کہ ہم نے بلدیہ عظمیٰ کراچی کو ریکوزیشن جمع کرائی ہوئی ہے کہ ہمیں کم از کم ایک ایکو مشین اور ایک ای ٹی ٹی مشین دی جائے تاکہ ہم مریضوں کو زیادہ سے سہولتیں فراہم کرسکیں،اس کے ساتھ ہم دل کے تمام ٹیسٹوں کے علاوہ بلڈ شوگر اور ہیپا ٹائٹس کے ٹیسٹوں کی سہولت بھی انتہائی ارزاں نرخوں پر فراہم کر رہے ہیں۔
کارڈک ایمرجنسی