تینوں بڑی پارٹیاں قوم کے ساتھ کھیل کھیل رہی ہیں، راشد نسیم

277

لاہور(نمائندہ جسارت)نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان راشد نسیم نے کہاہے کہ آرمی ترمیمی ایکٹ کی منظوری کے معاملے پر پوری قوم کو پتا چل گیاہے کہ موجودہ اور سابق حکمران پارٹیاں سب ایک ہیں۔یہ اپنے مفادات کے اسیر ہیں ان کی دوستیاں اور دشمنیاں ایک ہیں لیکن عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے لیے کچھ لوگ حکومت میں اور کچھ اپوزیشن میں بیٹھ جاتے ہیں ۔ 73 سالسے قوم کے ساتھ یہی بلی چوہے کا کھیل کھیلا جارہاہے ۔ قادیانی مسئلہ ہو یا سود کی حرمت ان سب کا ایک موقف ہوتاہے ۔ جب تک ملک میں قرآن و سنت کا نظا م نافذ نہیں ہوتا ، بہتری کی کوئی امید نہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے منصورہ میں جاری مرکزی تربیت گاہ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر سید لطیف الرحمن شاہ بھی موجود تھے ۔راشد نسیم نے کہاکہ دنیا بھر میں عوام کے مفادات سے کھیلنے اور منافقت کرنے والے ناکام ہورہے ہیں ۔ پاکستان میں تبدیلی کے نام پر ریاست مدینہ کا نعرہ لگا کر آنے والوں کو بھی قوم پہچان گئی ہے ۔ سب کے معاملات ایک دوسرے سے ملتے جلتے ہیں، حتیٰ کہ ان پارٹیوں کے امیدواربھی ایک ہیں جن میں سے اکثر ایک بار ایک پارٹی اور دوسری بار دوسری جماعت کی طرف سے الیکشن لڑتے ہیں ۔ ان پارٹیوں میں اختلافات صرف عوام کو دھوکا دینے کے لیے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ ملک کی تمام پارٹیوں میں منفرد مقام کی حامل صرف جماعت اسلامی ہے جو ملک میں اسلامی انقلاب اور شریعت کے نظام کے نفاذ کے لیے جدوجہد کر رہی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ دنیا ایک بار پھر سچائی اور امن و سکون کی تلاش میں اسلام کی طرف پلٹ رہی ہے ، خاص طور پر نوجوانوں کا رجحان تیزی سے اسلام کی طرف ہورہاہے ۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان کے نوجوان اسلام سے بے پناہ محبت رکھتے ہیں ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہی نوجوان ملک میں اسلامی انقلاب کا ہراول دستہ بنیں گے اور ظلم و جبر ، لوٹ کھسوٹ اور کرپشن و اقرباپروری کے اس استحصالی نظام کو ہمیشہ کے لیے دفن کردیں گے ۔
راشد نسیم