بچوں کی گرم کپڑوں کی فرمائش پوری نہ ہونے پر باپ کی خود کشی

115

کراچی(نمائندہ جسارت) شہر قائد میں بچوں کی گرم کپڑے کی فرمائش پر باپ نے خودکشی کرلی۔خودکشی کرنے سے پہلے غریب باپ نے وزیراعظم عمران خان کے نام ایک خط بھی لکھا جس میں اپنی غربت کا ذکر کرتے ہوئے اپنے اہل خانہ کے لیے گھر اور روزگار کی فرمائش کی ہے۔تفصیلات کے مطابق میر حسن کراچی کی کورنگی ابراہیم حیدری کا رہائشی تھا جس نے غربت کا شکار ہوتے ہوئے اپنے بچوں کی فرمائشکے سامنے ہار مار لی اور خود کشی کا فیصلہ کر لیا۔میر حسن نے اپنے اوپر پیٹرول چھڑک کر قریبی قبرستان میں خود کو آگ لگا لی۔مقامی لوگوں کی جانب سے میر حسن کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔جھلستے ہوئے میر کو زخمی حالت میں سول اسپتال کی وارڈ میں منتقل کیا گیا جہاں وہ اپنے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔اس کی عمر 35 سال بتائی گئی ہے۔ سول اسپتال کے ڈاکٹروں کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ جب تک میر حسن کو اسپتال لایا گیا تب تک اس کا جسم60 فیصد جھلس چکا تھا۔واضح رہے کہ اس سال پاکستان میں سردی کے ریکارڈ ٹوٹ گئے ہیں۔کراچی وہ شہر ہے جہاں سردی کی شدت بہت زیادہ نہیں ہوتی،لیکن اس سال کی ریکارڈ سردی نے کراچی کو بھی اپنی لپیٹ میں لیا۔ایسے میں بچے اگر گرم کپڑوں کی فرمائش نہیں کریں گے تو کیا کریں گے۔ بچوں کی ایسی فرمائش کو ہی پوری نہ کر سکنے پر میر حسن نے خودکشی کر لی۔اہل خانہ کا کہنا ہے کہ میر حسن 3 ماہ سے بے روزگار تھا اور زندگی نہایت غریبی میں گزر رہی تھی اور ایسے حالات نے ہی اسے مجبور کیا کہ وہ ایسا قدم اٹھائے۔یاد رہے کہ میر حسن نے مرنے سے پہلے وزیراعظم عمران خان کے نام خط لکھا ہے جس میں اپنے اہل خانہ کے لیے روزگار اور گھر کی اپیل کی ہے۔