مقبوضہ کشمیر میں ایس ایم ایس سروس بحال

195

ساڑھے چار ماہ سے زائد معطلی کے بعد ایس ایم ایس سروسز  کو بحال کردیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق  سرکاری اسپتالوں میں براڈ بینڈ انٹرنیٹ خدمات کے ساتھ ایس ایم ایس سروس کوبھی بحال کردیا گیا ہے۔ مقامی حکومت کے ترجمان روہت کنسل نے کہا کہ صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد 31 دسمبر کی آدھی رات سے تمام سرکاری اسپتالوں میں انٹرنیٹ رابطے کی بحالی کے علاوہ موبائل فون پر ایس ایم ایس سروس کو مکمل طور پر بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اس سے قبل مقبوضہ کشمیر  میں 5 اگست سے بھارتی  حکومت کی جانب سے نافذ کردہ کرفیو  کی وجہ سے  خطے میں لینڈ لائن اور انٹرنیٹ خدمات کو معطل کیا گیا تھا تاہم 17 اگست کو  100 میں سے 17 ٹیلیفون ایکس چینج کی لینڈ لائن خدمات کو آپریشنل کردیا گیا ہے۔

حکومت نے 14 اکتوبر کو پوسٹ پیڈ خدمات بحال کیں تھیں جس کے بعد مقبوضہ کشمیر میں تقریبا 4 ملین پوسٹ پیڈ موبائل فون آپریشنل ہوگئے ہیں جبکہ جموں، ریاسی، سمبا، کٹھوعہ اور ادھم پور اضلاع میں 2جی موبائل سروس بحال کی گئی ہیں۔

واضح رہے کہ کشمیر میں عمومی طور پر انٹرنیٹ اور پری پیڈ موبائل خدمات کی بحالی تاحال تعطل کا شکار ہے۔