ایک پارٹی چئیرمین کی نازیبا الفاظ کا استعمال یا دھمکی قانونی عمل سے نہیں روک سکتی،نیب

273

قومی احتساب بیورو (نیب)کا کہنا ہے کہ ملک کی ایک سیاسی جماعت کے چیئرمین کی جانب سے نازیبا الفاظ کا استعمال اور دھمکی ہمیں قانونی عمل سے نہیں روک سکتی۔

قومی احتساب بیورو (نیب) کے ترجمان نے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کے نیب میں پیش نہ ہونے کی رپورٹس کو بلاول بھٹو کے نیب راولپنڈی کو لکھے گئے خط کے برعکس قرار دیتے ہوئےاپنے بیان میں کہاکہ بلاول بھٹو نے خود15 جنوری 2020 کے بعد نیب حکام کے سامنے پیش ہونے کی درخواست کی۔

خط میں نیب سے درخواست کی کہ انہیں15 جنوری 2020 کے بعد نیب راولپنڈی کی انوسٹی گیشن ٹیم کے سامنے پیش ہونے پر کوئی اعتراض نہیں جبکہ بعض میڈیا رپورٹس میں کہا گیاکہ وہ نیب کے سامنے پیش نہیں ہوں گے جو کہ ان کی طرف سے نیب کو کرائی گئی یقین دہانی کے بر خلاف ہے۔

مزید برآں پاکستان کی ایک پارٹی کے چئیرمین کی طرف سے نیب کے بارے میں نا زیبا الفاظ کا استعمال اور دھمکی نیب کو اس کے قانونی عمل سے نہیں روک سکتی۔

نیب ملک سے بدعنوانی کے خاتمے کےلئے قانون کے مطابق کام کرنے والا ادارہ ہے جو کسی بھی تحقیقات میں متعلقہ شخص کا قانون کے مطابق بےان لینے پریقین رکھتا ہے تاکہ متعلقہ شخص کو اس کے قانونی حق سے محروم نہ رکھا جائے اور انصاف کے تمام تر قانونی تقاضے پورے کیے جاسکیں۔