پاک بحریہ کے جہازوں کا دورہ جنوبی افریقا‘ بندرگاہ سائمنز ٹائون پر شاندار استقبال

130

اسلام آباد (صباح نیوز)بحری سفارتکاری کے مشن پر پاک بحریہ کے 2 جہاز مختلف ممالک کا دورہ کرتے ہوئے جنوبی افریقا پہنچ گئے۔جنوبی افریقا کی بندرگاہ سائمنز ٹائون پہنچنے پر پاک بحریہ کے جہازوں معاون اور اصلت کا پرتپاک اور شاندار استقبال کیا گیا۔ ترجمان پاک بحریہ کے جاری بیان کے مطابق مشن کمانڈر نے میزبان حکام سے اہم ملاقاتیں کیں اور باہمی دلچسپی کے امور بشمول بحری تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اس کی
متنازع حیثیت سے جنوبی افریقی حکام کو آگاہ کیا ۔مشن کمانڈر نے امیرالبحر کا جنوبی افریقن عوام بالخصوص میزبان بحریہ کے لیے خیرسگالی کا پیغام بھی پہنچایا۔ جنوبی افریقی حکام نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں اور خطے میں سمندری تحفظ کے لیے پاک بحریہ کے کردار کو سراہا۔ پاک بحریہ کے جہاز پر منعقدہ عشایے میں میزبان بحریہ کے اعلیٰ حکام، سفارتی اور مقامی شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ دورے کا مقصد پاکستان کے مثبت امیج کا فروغ اور بحری افواج کے باہمی تعلقات کو مزید فروغ دینا ہے۔
پاک بحریہ