پی سی بی نے سری لنکا کیخلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں حکمت عملی تیار کرلی

197

 

کراچی(سید وزیر علی قادری)پی سی بی نے سری لنکا کیخلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں ا سٹیڈیم فل کرنے کیلئے حکمت عملی تیار کر لی ہے جس کے تحت کراچی ٹیسٹ کیلئے طلبا میں مفت ٹکٹ تقسیم کئے جائیں گے۔ گزشتہ دنوں ایک اعلیٰ سطح اجلاس کراچی ا سٹیڈیم میں منعقد ہوا اور اسٹیڈیم کے دورے کے بعد کمشنرکراچی افتخار شالوانی نے کہا کہ سری لنکا کے خلاف کراچی میں شیڈول دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوران زیادہ سٹرکیں بند نہیں کی جائیں گی، صرف دونوں ٹیموں کی آمدورفت کے وقت مرکزی شاہراہیں وقتی طور پر بند ہوں گی جب کہ میچ کے لیے طلبہ و طالبات میں مفت ٹکٹس بھی تقسیم کے جائیں گے، اگر سیکیورٹی کی جانب سے اجازت ملی تو مہمان ٹیم کو شہر کے تاریخی مقامات کا بھی دورہ کرائیں گے۔ڈی جی رینجرز کے ساتھ اجلاس میں بھی انتظامات کا جائزہ لیا گیا، انتظامات مکمل ہیں اورایک مرتبہ پھرکراچی میں کرکٹ میلہ سجے گا، کرکٹ کارنوال کا بھی انعقاد ہوگا، ڈی آئی جی ٹریفک پولیس ٹریفک پلان کے حوالے سے بھی بریفنگ دیں گے، ایکسپو سینٹر،بیگم رانا لیاقت علی خان گرائونڈ اور اتوار بازار کے میدان پر پارکنگ ہوگی، کوشش کریں گے کہ شہریوں کو کم سے کم تکلیف ہو لیکن سیکیورٹی انتظامات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔