امریکی سینیٹ کمیٹی میں ترکی پر پابندیوں کی منظوری

163

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکی سینیٹ کی خارجہ تعلقات کمیٹی نے شمالی شام میں فوجی کارروائی اور روس سے ایس 400 میزائل دفاعی نظام خرید کرنے کی پاداش میں ترکی پر پابندیاں عائد کرنے کی منظوری دے دی۔ ری پبلکن ارکان کی اکثریت والی کمیٹی میں 4کے مقابلے میں 18ووٹوں سے مجوزہ بل کی منظوری دی گئی،جس کے بعد سینیٹ میں امریکی قومی سلامتی کے فروغ اور داعش کو دوبارہ سر اٹھانے سے روکنے کے بل پر رائے شماری ہوگی۔ بل کی حمایت میں ٹرمپ کی مخالف ڈیموکریٹک پارٹی کے ارکان نے بھی ری پبلکنز کا بھرپور ساتھ دیا۔ ادھر ترکی کے صدارتی ترجمان ابراہیم قالن نے سینیٹ میں بل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ واشنگٹن جو حربے استعمال کرنا چاہے کرلے، انقرہ روس سے ایس 400کی خریداری کا سلسلہ موقوف نہیں کرے گا۔ امریکا کے ساتھ ایف 35 طیاروں کے حوالے سے قالن نے کہا ہے کہ یہ موضوع مکمل طور پر امریکا کی داخلی سیاست کی نذر ہوچکا ہے۔ ترکی روس سے ایس 400 کے ساتھ امریکا سے ایف 35 بھی لینا چاہتا ہے۔