حدود کا تنازع‘ یونان کا ترکی کیخلاف اقوام متحدہ سے رجوع

95

نیویارک (انٹرنیشنل ڈیسک) یونان نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیریس اور سلامتی کونسل کی سربراہ کیلی کرافٹ کو ترکی کی شکایت پر مبنی خط لکھ دیا۔ ایتھنز حکومت نے ترکی پر بین الاقوامی بحری حدود کے سمجھوتے کی خلاف ورزی کرنے کا الزام عائد کرکے سلامتی کونسل کا اجلاس طلب کرنے کا مطالبہ کیا۔ دوسری جانب اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ اس نے اپنے رکن ممالک کی بحری خود مختاری اور ان کی حدبندی کے حوالے سے اب تک کوئی اقدام نہیں کیا ہے۔ اقوام متحدہ کے ترجمان فرحان حق نے ترکی اور لیبیا کے درمیان طے پانے والے بحری حد بندی کے سمجھوتے سے متعلق اپنے بیان میں کہا کہ اقوام متحدہ کی جانب سے غیر جانبدارانہ رویہ اختیار کرنے کے باوجود ان علاقوں میں تیسرے فریق کے مفادات کو بھی پیش نظر رکھا جائے۔ واضح رہے کہ ترکی اور لیبیا کی حکومت کے درمیان 27 نومبر کو سلامتی و عسکری تعاون اور بحری علاقے کی حد بندی کا سمجھوتا طے پایا تھا،جس کے اگلے ہی روز اسے نافذ العمل کر دیا گیا تھا۔ دوسری جانب ترک ایوان صدرسے جاری بیان میں کہا گیا کہ انقرہ کو امید ہے کہ لیبیا کی عالمی سطح پر تسلیم شدہ حکومت ترک فوج کو اپنی سرزمین پر بلانے کی ضرورت محسوس نہیں کرے گی۔ ادھر لیبیا میں باغی حفتر ملیشیا کے کمانڈر میجر جنرل فرج مہدوی نے دھمکی دی ہے کہ لیبیا کے ساحلوں کے نزدیک آنے والے کسی بھی ترک جہاز کو سمندر میں غرق کر دیا جائے۔ مہدوی نے کہا کہ ہم جلد ہی دارالحکومت طرابلس کو لیبی حکومت سے واپس لے لیں گے۔