امریکا نے سعودی ہوابازوں کی تربیت معطل کردی

123

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکا کی ریاست فلوریڈا میں گزشتہ ہفتے ایک بحری اڈے پر سعودی فضائیہ کے اہل کار کی فائرنگ سے 3 افراد کی ہلاکت کے بعد امریکی حکام نے 300 سے زائد سعودی کیڈٹس کی ہوابازی کی تربیت معطل کر دی ہے۔ امریکی حکام نے خبر رساں ادارے رائٹرز کو بتایا کہ فلوریڈا واقعے کے بعد سعودی کیڈٹس کی تربیت روکنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ تفتیش کاروں نے کہا ہے کہ سعودی فضائیہ کے 21 سالہ سیکنڈ لیفٹیننٹ محمد سعید شمرانی نے حملہ اپنے طور پر کیا۔ گزشتہ جمعہ کو اس نے فلوریڈا میں واقع پنساکولا کے اڈے پر فائرنگ کی، جس کے بعد پولیس نے اسے گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔ اس واقعے کے بعد سعودی عرب کے ساتھ امریکی فوجی تعلقات کے بارے میں نئے سوالات اٹھ کھڑے ہوئے ہیں۔ یمن میں سعودی لڑائی اور گزشتہ سال واشنگٹن پوسٹ کے کالم نگار جمال خاشق جی کی ہلاکت کے معاملے پر کانگریس نے پہلے ہی سخت نگرانی کے اقدام کے لیے کہا ہے۔ اس کے باوجود امریکی فوجی حکام نے فلوریڈا بیس پر حملے کو مقامی معاملہ قرار دیا ہے اور ان کا کہنا ہے کہ اس سے امریکا سعودی تعلقات پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ بحریہ کی خاتون ترجمان لیفٹیننٹ ایندریانہ گنالدی نے کہا کہ پیر کو حفاظتی تدبیر کے طور پر شہری ہوا بازی کی تربیت حاصل کرنے والے سعودی کیڈٹس کے لیے تربیتی پروگرام روک دیا گیا ہے۔ بحریہ کے ایک اور اہل کار نے بتایا کہ تربیت روکنے کا یہ عمل ضروری تھا، تاکہ سعودی کیڈٹس کے لیے از سر نو تربیت کا آغاز کیا جاسکے۔ انہوں نے بتایا کہ اگر امریکی فوجی اسکوارڈن میں ایسا واقعہ ہوتا تو بھی اسی طرح کے اقدامات کیے جاتے۔ فلوریڈا کے 2 دیگر بحری اڈوں پر بھی بہت سے سعودی طلبہ کو جنگی طیارے اڑانے سمیت مختلف طرح کی فوجی تربیت دی جا رہی ہے۔