آسٹریلیا میں کی گئی خامیوں پرقابو پانے کی کوشش کریں گے،اظہر علی

196

قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا میں ہم اچھی طرح سے پرفارم نہیں کرسکے،سریل نکا کے خلاف سیریز میں آسٹریلیا میں کی گئی خامیوں پرقابو پانے کی کوشش کریں گے۔

راولپنڈی میں ٹرافی کی تقریب رونمائی کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس سے پاکستانی اور سری لنکن کپتانوں نے خطاب کیا۔ کپتان قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم اظہر علی کا کہنا تھا کہ خوشی ہے کہ 10 سال کے بعد ٹیسٹ کرکٹ پاکستان میں واپس آئی اور گراؤنڈز کی رونقیں بحال ہوئیں،خواہش تھی ہمارے گراؤنڈز کی رونقیں بحال ہوں،جس پر تمام پلیئرز بہت خوش ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پہلے ٹیسٹ میں فتح حاصل کرنے کی پوری کوشش کریں گے، آسٹریلیا میں ہم اچھی طرح سے پرفارم نہیں کرسکے، اب ہوم گراؤنڈ پر کھیل رہے ہیں اور پوری کوشش کریں گے کہ جو کمی ہے اسے دورکریں،ہمارے اسکواڈ میں بہترین صلاحیت کے کھلاڑی موجود ہیں جو میچ میں فتح دلا سکتے ہیں۔

اظہرعلی نے کہا کہ سری لنکا کیخلاف کامیابی کیلئے منظم ہو کر کھیلنا ہو گا، سری لنکا ہمیشہ ڈسپلن بیٹنگ اور باولنگ کرتا ہے،آسٹریلیا میں کی گئی خامیوں پرقابو پانے کی کوشش کریں گے، کپتان کیلئے خود پرفارم کرنا بہت ضروری ہوتا ہے، کوشش ہے زیادہ سے زیادہ اسکور کروں، بطور کپتان ذہنی دباؤ کا سامنا کرنے کیلئے ہمیشہ تیار رہنا چاہیے۔

سری لنکن کرکٹ ٹیم کے کپتان ڈی مووتھ کرونا رتنے نے کہا کہ پاکستان کے دورے پر بہت خوش ہیں، پاکستان کے ساتھ کھیلنا آسان نہیں ہے، ماضی میں پاکستان کے خلاف اچھی پرفارمنس رہی، اس سے ہمارا اعتماد بڑھے گا، پاکستانی ٹیسٹ ٹیم کے ہر کھلاڑی کیلئے علیحدہ پلان بنا رکھا ہے، کوشش ہو گی پاکستانی ٹیم کے خلاف پلان کے مطابق کھیلیں اور اچھی پرفارمنس دکھا کر میچ جیتیں۔

کرونارتنے نے مزید کہا کہ مکی آرتھر پاکستانی ٹیم کے کوچ رہ چکے ہیں، ہر کھلاڑی کی صلاحیت سے واقف ہیں، پاکستان کے پاس اچھا باولنگ اٹیک ہے۔ ٹیسٹ کرکٹ 5 روز کا کھیل ہے ہر روز اچھا کھیلنا ہوتا ہے۔ مکی آرتھر پہلے پاکستان کے کوچ تھے اب ہمارے ساتھ ہیں، ان کے ساتھ ٹریننگ کرکے پاکستان کی ٹیم کو جاننے کا موقع ملا ہے لہذا کوشش کریں گے کہ اچھا پرفارم کریں۔

پاکستان اور سری لنکا  کے مابین کھیلی جانے والی ٹیسٹ سیریز کی ٹرافی کی تقریب رونمائی کردی گئی۔