انصاف کی آس لیے نقیب اللہ کے والد چل بسے

1045

انصاف کے متلاشی نقیب اللہ محسود کے والد محمد خان محسود بیٹے کی جدائی کا غم لیے جہانِ فانی سے رخصت ہوگئے۔

بیٹے فرید اللہ نے والد کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ راولپنڈی کے آرمڈ فورسز میں زیرعلاج رہنے کے بعد محمد خان محسود انتقال کر گئے۔

بیٹے کا کہنا ہے کہ میت کو جنوبی وزیرستان لے جایا جائے گا جہاں آبائی علاقے مکین میں تدفین کی جائے گی۔

واضح رہے کہ 13 جنوری 2018 کو کراچی کے ضلع ملیر میں اس وقت کے ایس ایس پی ملیر راؤ انوار کی جانب سے ایک مبینہ پولیس مقابلے میں 4 دہشتگردوں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا گیا تھا تاہم بعد میں معلوم ہوا کہ ہلاک کئے گئے لوگ دہشت گرد نہیں بلکہ مختلف علاقوں سے اٹھائے گئے بے گناہ شہری تھے جنہیں ماورائے عدالت قتل کردیا گیا۔ جعلی پولیس مقابلے میں ہلاک ہونے والے ایک نوجوان کی شناخت نقیب اللہ کے نام سے ہوئی۔