یاسر شاہ کے 113 رنز بھی پاکستان کو فالو آن سے نہ بچا سکے

277

ایڈ یلیڈ: دو میچوں پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان اپنی پہلی اننگز میں یاسر شاہ کی شاندار سینچری کی بدولت 302 رنز بنا کر پوری ٹیم آؤٹ ہو گئی جبکہ آسٹریلیا نے قومی ٹیم کو فالو آن کر دیا ہے۔

قومی ٹیم کی جانب سے اننگز کا آغاز شان مسعود اور امام الحق نے کیا لیکن محض 3 کے مجموعی اسکور پر امام الحق 2 رنز بنا کر وکٹ گنوا بیٹھے جبکہ کپتان اظہر علی کی ناقص فارم کا سلسلہ جاری رہا اور وہ بھی صرف 9 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔

ایڈ یلیڈ کے میدان میں کھیلے جانے والے میچ کے تیسرے دن قومی ٹیم نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 96 رنز کے ساتھ اننگز کا آغاز کیا ،بابر اعظم نے اپنی نصف سینچری مکمل کی اور وہ 97 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

 یاسر شاہ نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے ٹیسٹ کیرئیر کی پہلی سنچری اسکور کی انہوں نے اپنے کریئر کی پہلی سینچری 192 گیندوں پر 12 چوکوں کی مدد سےبنائی اور وہ 113 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

شان مسعود 19 جبکہ اسد شفیق 9 رنز بنا کر مچل اسٹارک کا شکار بنے،افتخار احمد بھی صرف 10 رنز بنا کر مچل اسٹارک کو اپنی وکٹ دے بیٹھے جب کہ محمد رضوان اپنا کھاتا بھی نہ کھول سکے۔

واضح رہے کہ آسٹریلوی بیٹسمن ڈیوڈ وانر نے ناقابل شکست 335 رنز بنائے تھے جبکہ مارنس لبوشین نے بھی 162 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تھی، آسٹریلیا نے اپنی پہلی اننگز 589 رنز بنا کر ڈکلیئر کر دی تھی۔

یاد رہے کہ 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں میزبان ٹیم آسٹریلیا نے پاکستان کو ایک اننگز اور 5 رنز سے شکست دی تھی۔