وزیر قانون فروغ نسیم اپنے عہدے سے مستعفیٰ

424

وفاقی وزیر قانون بیرسٹرفروغ نسیم نے اپنے عہدے استعفیٰ دے دیا ہےجسے وزیراعظم نے منظور بھی کرلیا ہے۔

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید  نے کابینہ کے ہنگامی اجلاس کے بعد پریس کانفرنس میں انکشاف کیا کہ وزیر قانون بیرسٹرفروغ نسیم نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔

شیخ رشیدنے کہا کہ بیرسٹر فروغ نسیم کل سپریم کورٹ میں  آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع کے نوٹی فکیشن کی معطلی  کے حوالے سے کیس میں ان کی جانب سے پیش ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ ان خبروں میں کوئی صداقت نہیں کہ وزیراعظم نے آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کا نوٹی فکیشن معطل ہونے پر وزیرقانون بیرسٹر فروغ پر شدید برہمی کا اظہار کیا تھا۔

یہ بھی پڑھہیں: کابینہ اجلاس میں وزیراعظم فروغ نسیم پر برس پڑے

اس دوران وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر کا کہنا تھا کہ فروغ نسیم نے رضا کارانہ طور پر استعفیٰ دیا ہے کیوں کہ وہ بطور وفاقی وزیر کیس نہیں لڑسکتے تھے، سابق وفاقی وزیر قانون کل سپریم کورٹ میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی جانب سے پیش ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ کیس مکمل ہونے کے بعد فروغ نسیم وزیراعظم کی منظوری سے دوبارہ کابینہ میں شامل ہوسکتے ہیں۔

واضح رہے کہ قبل ازیں خبر سامنے آئی تھی کہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وزیراعظم عمران خان آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کے سلسلے میں تمام لوازمات پورے نہ ہونے پر وزیر قانون پر برہمی کا اظہار کیا تھا تاہم فروغ نسیم نے ان خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہاکہ میں آج کے کابینہ کے اجلاس میں نہیں گیا۔