دسمبر 2020ء تک گردشی قرضے کا خاتمہ ہو جائے گا‘ مشیر خزانہ

160

اسلام آباد (اے پی پی) وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ و محصولات ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے کہا ہے کہ دسمبر 2020ء تک گردشی قرضے کا خاتمہ کیا جائے گا‘ حکومت کی دانشمندانہ پالیسیوں کے نتیجے میں پہلی سہ ماہی کے دوران حسابات جاریہ کے خسارے میں63.1 فیصد کمی جبکہ برآمدات میں3.8 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا‘ اس طرح تجارتی خسارہ میں33.5 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو معروف اینکر پرسنز سے ملاقات کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ دوست ممالک کے
ساتھ دوطرفہ معاہدوں اور آئی ایم ایف کی طرف سے معاونت کی فراہمی کے نتیجے میں قومی معیشت پر دبائو میں کمی آئی‘ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کی ٹیم نے اپنے پہلے جائزے میں حکومت کی اقتصادی کارکردگی کے بارے میں اطمینان بخش رپورٹ دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مالی سال 2019-20ء میں حکومتی اخراجات میں کمی، سرکاری شعبے کے ترقیاتی پروگرام اور غربت میں کمی کے لیے کئی اقدامات کیے گئے‘ برآمدات میں اضافے کے لیے ٹیکسوں میں چھوٹ دی گئی جبکہ اس کے ساتھ ساتھ بجلی اور گیس کے شعبوں میں زرتلافی بھی فراہم کی گئی تاکہ برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ ممکن بنایا جا سکے۔ ڈاکٹر حفیظ شیخ نے کہا کہ اسٹیٹ بینک، ایف بی آر، سیکورٹی اینڈ ایکس چینج کمیشن آف پاکستان سمیت دیگر اداروں کو زیادہ خود مختاری دی گئی ہے تاکہ یہ ادارے آزادانہ طور پر کام کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ دسمبر 2020ء تک گردشی قرضے کا خاتمہ ممکن ہو سکے گا‘ آنے والے مہینوں میں معیشت مستحکم ہو گی جس کے بعد ملکی اقتصادی خوشحالی کے دور کا آغاز ہو گا۔
مشیر خزانہ