سندھ کے سیکرٹری آئی ٹی تبادلے پر سرکاری گاڑیاں بھی پنجاب لے گئے

98

کراچی ( رپورٹ : محمد انور ) حکومت سندھ کے محکمہ انفارمیشن سائنس و ٹیکنالوجی کے سابق سیکرٹری اپنا تبادلہ ہونے پر 2 سرکاری گاڑیاں بھی اپنے ساتھ پنجاب لے گئے، اس بات کا انکشاف سرکاری ذرائع نے کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے گریڈ 20 کے افسرعلی بہادر
قاضی نے اپنے خلاف قانونی کارروائی پر ’’ بہادری‘‘ کا مظاہرہ کرتے ہوئے تقریباً ڈھائی ماہ قبل اپنے سندھ حکومت سے تبادلے کے بعد 2 سرکاری کاریں نمبر جی ایس ای 269 ٹویوٹا کرولا اور جی ایس ڈی 858 اپنے ساتھ لاہور لے گئے۔ محکمے کی گاڑیوں کی عدم موجودگی کی اطلاع پر صوبائی وزیر محمد تیمور تالپور نے سخت ایکشن لیا تو انہیں بتایا گیا کہ دونوں گاڑیاں سیکرٹری علی بہادر قاضی مبینہ طور پر اپنے ساتھ لے گئے۔ گریڈ 20 کے افسر کا یہ اقدام خلاف قانون اور چوری کے مترادف ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر تیمور تالپور نے ان سے گاڑیاں واپس منگوانے کے احکامات جاری کیے اور یہ واپس نہ ملنے کی صورت میں مقدمہ درج کرانے کا حکم دیا ہے۔ توقع ہے کہ دونوں ٹویوٹا کرولا اور کلٹس کاریں جلد ہی لاہور سے واپس لائی جائیں گی۔ خیال رہے کہ مذکورہ افسر صرف 9 ماہ سیکرٹری سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی کی حیثیت سے سندھ میں تعینات رہے۔ ڈھائی ماہ قبل وہ اپنی ایڈمنسٹریشن مینجمنٹ کی تربیت پر لاہور چلے گئے تھے۔ سندھ حکومت نے تربیت کے لیے ان کا سندھ سے تبادلہ کردیا تھا۔ واضح رہے کہ سندھ گورنمنٹ کی متعدد گاڑیاں لاپتا ہیں یا غیر متعلقہ افراد کے استعمال میں ہیں۔
سیکریٹری آئی ٹی سندھ