کراچی کے مختلف علاقوں میں ٹڈی دل کا حملہ، شہری پریشان

210

کراچی(اسٹا ف رپورٹر) شہر کے مختلف علاقوں میں ٹڈی دل نے حملہ کر دیا۔ ٹدی دل کے حملے سے بلوچ کا لونی ، گلشن اقبال، ملیر اور کورنگی کے عوام سب سے زیادہ متاثر ہوئے جبکہ نیشنل اسٹیڈیم میں سندھ اور سوئی سددرن کے درمیان کھیلا جانے والا کرکٹ میچ بھی روکنا پڑگیا۔ تفصیلات کے مطابق ٹڈی دل نے اندرون سندھ اور بلوچستان کے بعد کراچی کا رخ کرلیا ہے، ٹدی دل گزشتہ روز کراچی کے مختلف علاقوں میں جھنڈ کی صورت میں اڑتے دکھائی دیے اور کسی حد تک شہریوں کو پریشانی میں مبتلا کیے رکھا سندھ کے وزیر زراعت اسماعیل راہو نے کہا کہ ٹڈی دل کے حملے سے ملیر میں فصلوں کو نقصان نہیں پہنچا، ٹڈی دل کے خاتمے کے لیے محکمہ زراعت اسپرے کرا رہا ہے۔ صوبائی وزیر نے اتنے سنگین مسئلے کا مذاق اڑا تے ہوئے کہا کہ ٹڈیاں کراچی کے شہریوں کے پاس خود آئیں ہیں، وہ اس کا فائدہ اٹھائیںاور اس کی کڑھائی اور بریانی بناکر کھائیں۔ڈائریکٹر پلانٹ پروٹیکشن طارق خان نے کہا کہ شہری خوف زدہ نہ ہوں، ٹڈی دل شہریوں کے لیے بے ضرر ہیں۔ دوسری جانب ڈبلیو ڈبلیو ایف کا کہنا ہے کہ بارش اور گرمی سے ٹڈیوں کی تعداد میں اضافہ ہو ا ہے، 1960ء میں کراچی میں ٹڈی دل کا حملہ ہوا تھا، یہ تمام درختوں اور پودوں کو تباہ کردیتے ہیں، یہ فصلوں کیلئے دنیا کا سب سے خطرناک کیڑا کہلاتا ہے۔