پہلی باردیکھا شدید بیمارشخص اسپتال سے نکل کر علاج کیلئے گھر چلا گیا،فردوس عاشق اعوان

404

وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ آج لاہور میں منفرد واقعہ پیش آیا جس میں شدید بیمار نواز شریف بہترین ہسپتال سے نکل کر علاج کیلئے گھر چلے گئے

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئےفردوس عاشق اعوان نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام ف (جے یو آئی ف) کے کارکن بارش میں کھلے آسمان تلے بے یارومدد گار پڑے ہیں جبکہ ان کے رہنما گرم بستروں میں آرام فرمارہے ییں،جے یو آئی ف کے رہنماؤں کا یہ عمل کھلا تضاد نہیں؟۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے جلسے کے شرکا کی مشکلات کا جائزہ لینے اور مدد کیلئے چیئرمین سی ڈی اے کو ہدایت جاری کردی ہے۔حکومتی مذاکراتی کمیٹی اور حزب اختلاف کی رہبر کمیٹی موجودہ ہیجان اور سیاسی بے یقینی سے عوام کو نکالے گی۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کہتا ہے کہ اسرائیل کے جھنڈے گاڑنے والی حکومت کو روکنا ہے،بغیر کسی دلیل اور حقائق کو جانے اس قسم کے بیانیے کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں،وزیراعظم نے اسرائیل کے بارے واضح کیا ہے کہ فلسطین کی آزادی کے بغیر امن نہیں ہوسکتا۔

مولانا فضل الرحمان ناموس رسالت کی بات کرتے ہیں لیکن جب آئین میں چھیڑ چھاڑ ہورہی تھی اس وقت وہ کیا کررہے تھے،مولاناا اس وقت حکومت کی بغل میں بیٹھےہوئےتھے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کے میڈیکل بورڈ کے قیام سے متعلق بھی اداروں پر حملے کئے جارہے ہیں،میڈیکل بورڈ حکومت نہیں بلکہ نیب کورٹ تشکیل دیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج لاہور میں منفرد واقعہ پیش آیا جس میں شدید بیمار نواز شریف بہترین ہسپتال سے نکل کر علاج کیلئے گھر چلے گئے،ان کا کہنا تھا کہ جس مقصد کیلئے مریم نواز کو عدالت نے ضمانت دی ہے امید ہے وہ بہترین نرسنگ و تیمارداری کے فرائض انجام دیں گی۔