نوازشریف کی صحت نازک،ملاقاتوں پر مکمل پابندی عائد

339

پاکستان مسلم لیگ (ن)کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہناہے کہ سابق وزیراعظم نوازشریف کی نازک صورتحال پر ڈاکٹر نے ملاقاتوں پر مکمل پابندی عائد کردی ۔

مریم اورنگزیب  نےنوازشریف کی صحت سے متعلق بیان میں کہاکہ ڈاکٹرز نے طبی خطرات کے پیش نظر نوازشریف کے لئے گھر پر خصوصی میڈیکل یونٹ بنانے کی تجویز دی تھی،جس کےبعد ڈاکٹر عدنان کی زیر نگرانی شریف میڈیکل سٹی ہسپتال نے نوازشریف کی رہائش گاہ پر انتہائی نگہداشت یونٹ قائم کردیاہے،

انہوں نے کہا کہ آئی سی یو میں ڈاکٹرز 24 گھنٹے موجود رہیں گے،ڈاکٹرز کی ہدایت پر نوازشریف کو انتہائی نگہداشت میں رکھا جائے گا، آئی سی یو میں وینٹی لیٹر (مصنوعی تنفس) اور کارڈیک آئی سی یو کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے،نوازشریف کے پلیٹ لیٹس کاؤنٹس کم ہونے کے باعث Hospital Acquired انفیکشن ہونے کا شدید خطرہ ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ ڈاکٹرز نے مریم نوازکو والد کی صحت کی بناپر سخت حفاظتی تدابیراختیار کرنے کی ہدایت کی ہے، ڈاکٹرز نے نواز شریف سےملاقاتوں پر مکمل پابندی عائد کردی ۔