حکومت کی وجہ سے سیاست اور جمہوریت بند گلی میں ہے،سراج الحق

431

امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کا کہنا ہے کہ حکومت کے غلط اقدامات اور رویے کی وجہ سے سیاست اور جمہوریت بند گلی میں ہے۔

پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےسینیٹرسراج الحق نے کہا کہ حکومت کی معاشی،سیاسی اور داخلہ پالیسی ناکام ہو گئی ہے،موجودہ حکومت کے غلط اقدامات سے سیاست اور جمہوریت بند گلی میں بند ہو گئی ہے، نااہل ٹولہ خود بھی دلدل میں پھنس چکا ہے اور قوم کو بھی پھنسادیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی اورسینیٹ کے ہونے کے باجوداہم مسائل پر فیصلے صدر آرڈیننس کے ذریعے کرتے ہیں، موجودہ حکومت آمریت کی طرح منتخب ایوان کو کوئی اہمیت نہیں دے رہی،موجودہ حکومت زیادہ دیر کے لئے چلنے والی نہیں ہے ۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے وعدہ کیا تھا کہ احتجاج کے لیے آنے والوں کو کنٹینر بھی دیں گے اور کھانا بھی کھلائیں گے،دھرنا ہر جماعت کا جمہوری حق ہے،حکومت ان کی آواز سنے،مذاکرا ت مسئلے کا واحد حل ہے ،ایک طرف مذاکرات ہو رہے ہیں دوسری طرف وزراءبرے القابات سے سیاستدانوں کو یاد کر رہے ہیں۔

سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ 94 روز سے کشمیر میں کرفیو نافذ ہے لیکن حکومت کی طرف سے اب تو کوئی بیان بھی نہیں دیا جا رہا۔