صدر وزیر اعظم سے برطانوی شاہی جوڑے کی ملاقات، اسکول کا دورہ

595
اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان سے برطانوی شاہی جوڑا ملاقات کررہا ہے
اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان سے برطانوی شاہی جوڑا ملاقات کررہا ہے

 

اسلام آباد(خبر ایجنسیاں) برطانوی شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ مڈلٹن نے وفاقی دارالحکومت میں مصروف دن گزارا اور اہم شخصیات سے ملاقاتیں کیں جبکہ بہت سے مقامات کے دورے کیے۔شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ مڈلٹن نے ایوان صدر میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم ہاؤس میں عمران خان سے ملاقات کی۔ شاہی جوڑے نے حکومت کے موسمیاتی تبدیلی اور غربت کے خاتمے کے اقدامات کی تعریف کی۔شاہی جوڑے نے اسلام آباد میں سرکاری اسکول کا بھی دورہ کیا۔ پرنس ولیم اور ان کی اہلیہ کلاسز میں گئے، بچوں سے ملاقات کی اور اساتذہ سے مصافحہ کیا۔ شاہی جوڑا الگ الگ میزوں پر بچوں کے ساتھ بیٹھ گیا اور ان میں گھل مل گیا۔ انہوں نے بچوں سے مزے مزے کی باتیں کیں اور سبق بھی سنا۔برطانوی شاہی جوڑے نے مارگلہ ہلز میں ندی کی سیر کی اور حکام نے انہیں مارگلہ نیشنل پارک پر بریفنگ بھی دی۔ شاہی جوڑا مارگلہ نیشنل پارک کی خوبصورتی سے بہت متاثر ہوا۔ شاہی جوڑے نے ٹریل فائیو کا بھی دورہ کیا جبکہ ماحولیاتی تحفظ سے متعلق تقریب میں بھی شرکت کی۔2006 کے بعد برطانوی شاہی خاندان کے کسی بھی فرد کا یہ پہلا
سرکاری دورہ ہے۔ برطانوی ہائی کمیشن کے ذرائع کے مطابق برطانوی شاہی جوڑا بھاری بھرکم سکیورٹی ٹیم کے ساتھ پاکستان پہنچا۔ برطانوی شاہی جوڑے کیلیے 40 سے زائد ڈاکٹر، پیرا میڈکس اور طبی عملہ بھی سکیورٹی ٹیم کا حصہ ہے۔شاہی جوڑے کے ساتھ ان کے محافظ اور 40 سے زائد صحافی بھی پاکستان آئے ہیں۔ پانچ روزہ دورے کیلیے خصوصی حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔ برطانوی شاہی جوڑا آج (16 اکتوبر) چترال جائے گا جہاں وہ مقامی افراد سے بھی ملے گا اور شمالی علاقہ جات کے پرفضا مقامات کا بھی دورہ کرے گا۔ برطانوی شاہی مہمان صوبہ خیبر پختونخوامیں درہ خیبر، قلعے کا دورہ بھی کریں گے۔ شاہی جوڑا 17 اکتوبر کو لاہور میں ایس او ایس ویلیج، ایچی سن کالج جائے گا۔ شہزادہ اور شہزادی شوکت خانم ہسپتال بھی جائینگے۔ سکیورٹی وجوہات کی بنا پر تاحال بادشاہی مسجد، مینار پاکستان کا دورہ حتمی نہیں۔ شہزادہ ولیم اور اہلیہ 18 اکتوبر کو فیصل مسجد جائیں گے، اسی روز دوپہر ڈیڑھ بجے نور خان ایئر بیس سے وطن واپس روانہ ہو جائیں گے۔یاد رہے اس سے قبل پرنس ولیم کی والدہ شہزادی ڈیانا نے 1996 میں پاکستان کا ایک دورہ کیا تھا جبکہ 2006 میں پرنس ولیم کے والد پرنس چارلس اور ان کی اہلیہ کومیلا نے پاکستان کا دورہ کیا۔ اس کے علاوہ برطانوی ملکہ الزبتھ بھی 1961 اور 1997 میں پاکستان کے سرکاری دورے کر چکی ہیں۔
شاہی جوڑے کی ملاقاتیں