دھرنے اور لانگ مارچ جمہوری عمل کا حصہ نہیں، قمر زمان کائرہ

102

جہلم (آن لائن) پیپلز پارٹی رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ دھرنے اور لانگ مارچ جمہوری عمل کا حصہ نہیں جبکہ ہر سیاسی جماعت کا اپنا موقف اور رائے ہوتی ہے جس کو جمہوری طریقے سے حل کیا جاتا ہے ، مولانا فضل الرحمن کا دھرنا ان کی پارٹی کا فیصلہ ہے، آئندہ ہفتے اجلاس میں اس پر غور کیا جائیگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلعی صدر چودھری تسنیم ناصر اقبال گجر کی رہائش گاہ پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ قمر زمان کائرہ نے کہا کہ عمران خان نے سلامتی کونسل میں جو تقریر کی ہے اس کی تعریف تو جاری ہے لیکن ان سے زیادہ اچھی تقاریر اور موقف ترکی کے طیب اردگان اور مہاتیر محمد نے جس طرح مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ فلسطین کے بارے میں بھی مسئلہ کو اجاگر کرکے تمام ممالک پر واضح کیا ہے کہ ان کا حل ہونا چاہئے انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے جو وعدے عوام سے کیے تھے ان میں سے ایک پر بھی عمل نہ ہواہے کیونکہ ملک ہر شعبہ میں بحران کاشکار ہے اسی لیے عوام اگر حکومت سے بجلی کے بل میں اضافہ کا کہتے ہیں تو انہیں کہا جاتا ہے کہ عمران خان کی تقریر سنیں مہنگائی اور بیروزگاری کا کہا جاتا ہے تو انہیں کہا جاتا ہے کہ عمران خان کی تقریر سنیں ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے خلاف مولانا فضل الرحمن اگر دھرنا دے رہے ہیں تو یہ ان کی اپنی پارٹی کا فیصلہ ہے جبکہ ملکی مفاد میں ہونے والے تمام فیصلے ہماری جماعت میں مشاورت سے طے کیے جاتے ہیں جبکہ اگلے ہفتے ہماری جماعت کا اجلاس ہورہا ہے جس میں اس ضمن میں غور کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایک وفاقی وزیر کا یہ بیان دینا کہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی مولانا فضل الرحمن کو فنڈنگ کررہے ہیں جبکہ یہ اسی طرح ہے جس طرح اندھے کو مون سون میں ہر طرف ہریالی نظر آتی ہے اور یہ مضحکہ خیز ہے ۔
قمر زمان کائرہ