لیاقت قائم خانی کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد

125

اسلام آباد(اے پی پی) احتساب عدالت نے باغ ابن قاسم کی غیر قانونی الاٹمنٹ سے متعلق جعلی بینک اکاؤنٹس ریفرنس میں نیب کی جانب سے سابق ڈی جی پارکس لیاقت قائم خانی کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا ہے۔ نیب نے سابق ڈی جی پارکس لیاقت قائم خانی کو 14 روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کے روبرو پیش کیا اور مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ لیاقت قائم خانی کے گھر سے باغ ابن قاسم کی زمین سے متعلق اہم فائلیں قبضے میں لی ہیں، جس متعلق مزید پوچھ گچھ کرنی ہے۔ وکیل صفائی نے مزید جسمانی ریمانڈ کی مخالفت کی اور کہا کہ جے آئی ٹی رپورٹ میں ایک لفظ بھی لیاقت قائم خانی سے متعلق نہیں لکھا گیا۔ نیب کے تفتیشی افسر نے کہا کہ جب باغ ابن قاسم کی زمین غیر قانونی الاٹ ہوئی تو لیاقت قائم خانی اس کے کسٹوڈین تھے۔2011 ء میں ریٹائر ہونے کے باوجود انہوں نے جان بوجھ کر باغ ابن قاسم کے نقشے اور ریکارڈ کو گھر میں کیوں چھپایا ؟ ۔
لیاقت قائم خانی