آزادی مارچ کےخلاف درخواست سماعت کے لیے مقرر

133

اسلام آباد:جمعیت علماء اسلام (ف)کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کی جانب سے اعلان کیے گئے آزادی مارچ کے خلاف دائر درخواست سماعت کے لیے مقرر کردی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ نے مولانا فضل الرحمن کے حکومت مخالف آزادی مارچ اور دھرنا کے خلاف درخواست سماعت کے لیے مقرر کردی ہے۔ رجسٹرار آفس نے کاز لسٹ جاری کردی ہے جس کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہرمن اللہ کل درخواست پر سماعت کریں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز شہری حافظ احتشام نے مولانا فضل الرحمن کے آزادی مارچ کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی  تھی،درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ جے یو آئی (ف) کو آزادی مارچ اور دھرنا دینے سے روکا جائے۔ درخواست میں کہا گیا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے دھرنے اور احتجاج کے لیے جگہ مختص کر رکھی ہے۔

درخواست میں سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری تعلیم، سربراہ جے یو آئی ایف مولانا فضل الرحمان، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد اور چیئرمین پیمرا کو درخواست میں فریق بنایا گیا ہے۔