جمعیت طلبہ عربیہ کل آزادی کشمیر مارچ میں بھرپور شرکت کریگی،محمد الطاف

116

لاہور(وقائع نگار خصوصی)منتظم اعلیٰ جمعیت طلبہ عربیہ پاکستان محمد الطاف نے کہا ہے کہ جمعیت طلبہ عربیہ پاکستان کے کارکنان جماعت اسلامی کے آزادی کشمیر مارچ میں بھرپور شرکت کریںگے اورحکومت پاکستان کو مجبور کریں گے کہ کشمیر کی آزادی کے لیے جہاد کا اعلان کریں، حکومت سے گزارش ہے کہ بیانات کے بجائے عملی اقدامات کریں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت مقبوضہ کشمیر میں ظلم کی داستانیں رقم ہو رہی ہیں بھارتی فوج کشمیریوں کے گھروں میں گھس کر کشمیریوں کو مار رہے ہیں ماؤں بہنوں اور بچیوں کی عصمت دری کی جارہی ہے یہ اس وقت پوری دنیا کے لیے سوالیہ نشان ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعیت طلبہ عربیہ کے ماہانہ اجلا س میں ذمے داران سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ کشمیر ی پوری دنیا اور بطور خاص وہ پاکستان کی طرف دیکھ رہے ہیں وہ لوگ ہر وقت کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرے لگاتے رہتے ہیں اور انہوں نے اپنا مستقبل پاکستان کے ساتھ وابستہ کرنے کا وعدہ کر رکھا ہے وہ پاکستان سے یہ آس لگائے بیٹھے ہیں کہ ہماری مدد کے لیے آجائیں ،ہمیں اور ہماری حکومت کو چاہیے کہ ہم کشمیریوںکو ریسکیو کریں اس کے لیے ہمیں حکمرانوں کو جگانا ہوگا اسی سلسلے میں جماعت اسلامی نے عظیم مارچ کا اعلان کیا ہے جس میں جمعیت طلبہ عربیہ پاکستان کے تمام کارکنان بھرپور شرکت کریں گے اور کشمیری بھائیوں کو یہ باور کروائیں گے کہ ہم ہمیشہ سے آپ کے ساتھ تھے آپ کے ساتھ ہیں اور ہمیشہ آپ کے ساتھ رہیں گے۔،منتظم اعلیٰ جمعیت طلبہ عربیہ نے اہل لاہور سے خصوصاََ ماؤں بہنوں بیٹیوں سے مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ 6 اکتوبر کو مال روڈ پر پہنچ کر کشمیریوں بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرے۔